پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کیلیے ترمیمی آرڈیننس جاری

20ستمبر کو انتخابات مرحلہ وار اور جماعتی بنیاد پر ہونگے،آرڈیننس کے نکات

پنجاب اورسندھ میں آج سے عبوری انتخابی فہرستیں آویزاں ہونگی،الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

پنجاب حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بلدیاتی ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا ہے۔ جس کے تحت صوبہ بھر میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد مرحلہ وار اور جماعتی بنیاد پرہوگا۔

چیئرمین، وائس چیئرمین اورجنرل کونسلرکو دیگرنمائندوں کو منتخب کرنے کا اختیار دے دیا گیا ہے۔ ترمیمی آرڈیننس میں 20ستمبر کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ مختلف اوقات میں مخصوص کردہ مقامات پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے۔ آرڈیننس میں واضح کیا گیا ہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے ایک ہی بیلٹ پیپر ہوگا جبکہ یونین کونسل میں خواتین کی 2مخصوص نشستوں پر براہ راست انتخاب ہوگا۔ اس کے علاوہ جنرل کونسلر کی نشست کے لیے بھی الگ سے بیلٹ پیپر ہوگا۔


چیئرمین، وائس چیئرمین اور جنرل کونسلر مل کرمزدور، کسان، نوجوان، خواتین اور اقلیتوں کے نمائندوں کو منتخب کریں گے۔ جن امیدواروں نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے 2013میں فیسں جمع کرائی تھی ان کو دوبارہ فیس جمع نہیں کرانا ہوگی۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن پنجاب اور سندھ کے مختلف شہروں میں آج (منگل) سے عبوری انتخابی فہرستیں آویزاں کرے گا۔ انتخابی فہرستیں رجسٹریشن آفیسرز اور اسسٹنٹ رجسٹریشن آفیسرز کے دفاتر میں7دن تک رکھی جائینگی۔ الیکشن کمیشن نے سندھ اور پنجاب میں رائے دہندگان سے کہا ہے کہ وہ انتخابی فہرستوں میں اپنا نام چیک کر کے کسی غلطی کی صورت میں تصحیح کرا سکتے ہیں۔
Load Next Story