دریائے سندھ میں تربیلا اٹک کالاباغ چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب

سیلاب کے باعث لیہ اور مظفر گڑھ کے 131 دیہات زیر آب آئے، پی ڈی ایم اے


ویب ڈیسک July 21, 2015
خیبر پختونخواہ کے دریاؤں میں کہیں بھی خطرے کی صورتحال نہیں، فلڈ وارننگ سیل. فوٹو:فائل

ملک کے بیشتر حصوں میں شدید بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں تربیلا، اٹک، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے جب کہ سیلاب کے باعث جنوبی پنجاب کے سیکڑوں دیہات زیر آب اور ہزاروں ایکٹر اراضی تباہ ہوگئی ہے۔

فلڈ وارننگ سیل کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا، اٹک، کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، تربیلا کے مقام پر 3 لاکھ 95 ہزار کیوسک کا سیلابی ریلہ گزررہا ہے جب کہ دریائے سوات میں خیالی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 25 ہزار 260 کیوسک ہے، دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر 94 ہزار600 کیوسک کا سیلابی ریلہ گزررہا ہے۔ فلڈ وارننگ سیل کے مطابق خیبر پختونخواہ کے دریاؤں میں کہیں بھی خطرے کی صورتحال نہیں، تربیلا میں پانی کی آمد 3 لاکھ 49 ہزاراوراخراج 3 لاکھ 9 ہزار کیوسک ہے جب کہ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1526 فٹ ہے۔ منگلا ڈیم میں پانی کی آمد 72 ہزار اور اخراج 60 ہزار کیوسک ہے، منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1233 فٹ ہو گئی ہے۔ دریائے راوی میں ہیڈ سدھنائی کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ میانوالی میں جناح بیراج میں پانی کی آمد 3 لاکھ 91 ہزار 961 کیوسک جب کہ اخراج 3 لاکھ 83 ہزار 960 کیوسک ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب کے سیکڑوں دیہات زیر آب اور ہزاروں ایکٹر اراضی تباہ ہوگئی ہے جب کہ سیلاب کے باعث لیہ اور مظفر گڑھ کے 131 دیہات زیر آب آئے ہیں۔ دوسری طرف انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا، کسی بھی مقام پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق لیہ کے 71 دیہات زیر آب آئے، 57 دیہات تحصیل لیہ اور 14 تحصیل کہروڑ میں زیر آب آئے۔ سیلاب کے باعث راجن پور کے 50 اور مظفر گڑھ کے 10 دیہات بھی زیر آب آئے ہیں تاہم انتظامیہ ہر قسم کی صورت حال کو مانیٹرکررہی ہے۔

تونسہ بیراج میں پانی کا اخراج 4 لاکھ 17 ہزار کیوسک جب کہ دریائے سندھ میں لیہ کے مقام سے 5 لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلہ گزررہا ہے، کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاو 3 لاکھ 83 ہزار کیوسک ہے۔ چشمہ بیراج ڈاؤن میں پانی کی آمد 4 لاکھ 70ہزار 890 کیوسک، اخراج 4 لاکھ 64 ہزار 180 کیوسک ہے جب کہ چشمہ بیراج ڈاؤن میں پانی کی گنجائش 10 لاکھ کیوسک ہے۔ بہاولنگر میں ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، ہیڈ سلیمانکی پر پانی کی آمد 17 ہزارکیوسک اور اخراج 4 ہزار3000 کیوسک ہے۔

سندھ میں گڈو بیراج پر درمیانے جب کہ سکھر بیراج سے نچلے درجے کا سیلابی ریلا گذررہا ہے۔ انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج کا کہنا ہے کہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 78 ہزار 792 کیوسک اور اخراج 38 ہزار97 کیوسک ہے، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 83 ہزار 212 جب کہ اخراج 2 لاکھ 27 ہزار 582 کیوسک ہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 53 ہزار 71 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 25 ہزار 541 کیوسک ہے۔ پانی بڑھنے کی وجہ سے گھوٹکی اور کشمور اضلاع ميں کچے کے کئی دیہات زیرآب آ گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں