فیروزآباد کیش وین لوٹنے والے گارڈز کے پتے جعلی نکلے

گھروں پر تالے ملے،ملزمان کے بارے میں تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا.

کیش وین سے ایک کروڑ روپے لوٹنے والے سیکیورٹی گارڈز گرفتار نہ کیے جاسکے ۔ فوٹو: فائل

فیروزآباد میں کیش وین سے ایک کروڑ روپے لوٹنے والے سیکیورٹی گارڈز گرفتار نہ کیے جاسکے ۔


پولیس نے ان کے گھروں پر بھی چھاپے مارے لیکن ان کے اہل خانہ بھی موجود نہیں تھے، ملزمان نے جعلی ایڈریس جمع کرائے تھے، تفصیلات کے مطابق پیر کو فیروزآباد کے علاقے میں گلیکسی منی چینجرز کی گاڑی میں سوار 2 سیکیورٹی گارڈز اشفاق اور شمس ساتھیوں کے ہمراہ اپنی ہی کمپنی کا کیش لوٹ کر فرار ہوگئے تھے جس کی مالیت ایک کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے، ملزمان کے بارے میں پولیس تاحال کوئی سراغ نہیں لگاسکی، پولیس کے مطابق ملزمان کیماڑی اور ریتی لائن کے رہائشی تھے ، ان کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے گئے تو وہ وہاں نہیں ملے جبکہ ان کے پتے جعلی نکلے ۔

اس سلسلے میں ایس ڈی پی او فیروز آباد ڈی ایس پی ملک غلام مرتضیٰ نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان کے شناختی کارڈ پر درج پتے پر پولیس نے چھاپے مارے ہیں لیکن وہ اہل خانہ کے ہمراہ فرار ہوگئے ہیں، گھروں پر پولیس کو تالے ملے ہیں ، ایس ایچ او فیروزآباد انسپکٹر ہمایوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان کا آبائی تعلق صوابی سے ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس پارٹی روانہ کردی گئی ہے ، فیروزآباد پولیس نے واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 638/12 بجرم دفعہ 392/34 سیکیورٹی گارڈز اشفاق اور شمس سمیت 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔
Load Next Story