پاکستان کے ساتھ سیاسی و اقتصادی تعاون جاری رکھیں گے امریکا

وزیراعظم کے معاون خصوصی کی واشنگٹن میں امریکی نائب وزیرخارجہ سے ملاقات،بھارت اور افغانستان سے بہتر تعلقات پربریفنگ

ملاقات میں باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ فوٹو : اے پی پی

امریکا نے پاکستان کیساتھ سیاسی اور اقتصادی تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے۔ وزیراعظم کے خصوصی معاون برائے امور خارجہ طارق فاطمی جو ان دنوں امریکا کے دورے پر ہیں، نے نائب امریکی سیکریٹری خارجہ ٹونی بلنکن سے ملاقات کی۔

منگل کو یہاں دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی محکمہ خارجہ میں ہونیوالی اس ملاقات میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی کے علاوہ خصوصی امریکی نمائندہ برائے افغانستان و پاکستان ڈین فیلڈمین بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا اور تعلقات میں اضافے اور بتدریج بڑھنے والی گرم جوشی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ طارق فاطمی نے اعلیٰ امریکی سفارتکار کو وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے بھارت اور افغانستان سمیت تمام پڑوسی ممالک کیساتھ تعلقات میں بہتری کے سلسلے میں کی جانیوالی کوششوں پر بریفنگ دی۔


انھوں نے امریکی نائب سیکریٹری خارجہ کو پاکستان کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلیے قانون کا نفاذ کرنیوالے اداروں کے اقدامات پر بھی اعتماد میں لیا۔ انھوں نے پاکستان کے سیاسی اور اقتصادی استحکام کے سلسلے میں امریکا کے تعاون پر امریکی سفارتکار کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ٹونی بلنکن نے خطے میں استحکام کے سلسلے میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انھوں نے ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات کے سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کے اقدامات کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں سے علاقے میں امن اور خوشحالی لانے میں مدد ملے گی۔

انھوں نے یقین دلایا کہ امریکا اس خطے سے اپنے تعلق کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ انھوں نے وزیراعظم کے اقتصادی منصوبوں کیلیے امریکی تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کا بھی یقین دلایا۔ امریکی حکام نے افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کے سلسلے پاکستان کی جانب سے ادا کیے جانے والے کردار کی بھی تعریف کی۔
Load Next Story