چترال میں بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری

پاک فوج کے ہیلی کاپٹروں نے کوراغ اوربونی میں60 محصورافرادکونکالاجن میں بیمار،سیاح ،بزرگ اوربچے شامل ہیں،آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک July 22, 2015
متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپ اورپینےکےصاف پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔  فوٹو: فائل

گلگت بلتستان اور چترال میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

مسلسل بارشوں اورگلیشئیر کے تیزی سے پگھلنے کے باعث گلگت بلتستان میں اسکردو، ہنزہ نگر، گانچھے، دیامراور غذر میں سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ کئی رابطہ سڑکیں اورپل ٹوٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کا ملک کے دیگر علاقوں سے زمینی اور مواصلاتی رابطہ منقطع ہے، اس کے علاوہ چترال کے علاقے دروش ، گرم چشمہ ، کوراغ ، بونی اور مستوج میں گرے ہوئے گھر اورعمارتیں تباہی اور بربادی کی داستان سنا رہے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ ابلاغ عامہ ''آئی ایس پی آر'' کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کا ریسکیو آپریشن جاری ہے،پاک فوج کی طرف سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے آٹا، گھی، دودھ اور چینی سمیت دیگر اشیاء و خوردونوش فراہم کی جارہی ہیں جب کہ سیلابی پانی میں محصور لوگوں کو نکالا جارہا ہے، چترال میں ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے 7 ویں روز پاک فوج نے کوراغ اور بونی سے 60 افراد کو ہیلی کاپٹر کے ذریعےنکال لیا،نکالے جانے والے افراد میں بیمار، سیاح، بزرگ اور بچے شامل ہیں جب کہ چترال اسکاؤٹس بھی امدادی سرگرمیوں میں شریک ہیں۔

چترال میں مصیبت زدہ لوگوں کی مدد کے لئے ہلال احمر کا عملہ اورمقامی رضاکار بھی مصروف ہیں، ترجمان ہلال احمر کا کہنا ہے کہ چترال اوراستورمیں متاثرین سیلاب کو ہرممکن امداد فراہم کررہے ہیں، متاثرین میں خیمے، کمبل، پلاسٹک شیٹسا ور چولہےتقسیم کئے گئے ہیں اس کے علاوہ متاثرہ علاقوں میں ہیلتھ کیمپ اورپینےکےصاف پانی کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں