حکومت کو نیا آتش فشاں کھولنے کی ضرورت نہیں تھی طارق چوہدری

ہتھیار اٹھانے پر مجبور کیا جارہا ہے، قادر مگسی، عوام کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے، سعید غنی


Monitoring Desk October 17, 2012
حکومت عالمی طاقتوں کی خواہش پر ایک اور اسرائیل بنانا چاہتی ہے، پلیجو، لائیو ود طلعت میں گفتگو فوٹو : فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ڈاکٹر طارق چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کو سندھ میں ایک نئے آتش فشاں کا منہ کھولنے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

حکومت نے ایم کیو ایم کے تحفظات بھی تو دور کیے ہیں وہ قوم پرست جماعتوں کے تحفظا ت بھی دور کرسکتی تھی۔ ن لیگ نے سندھ میں جتنے بھی جلسے کیے ان میں سندھ کو جوڑنے کی بات کی۔ پروگرام لائیو ود طلعت میں اینکر پرسن طلعت حسین سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ سندھ میں کبھی شورش نہ ہو۔ ہمیں سمجھ نہیں آتی کہ حکومت اپنی طاقت سے کس کو مرعوب کرنا چاہتی ہے۔ سندھ ایکٹ کوئی وحی نہیں ہے کہ یہ حتمی ہوگیا ہے۔

قوم پرست رہنما ڈاکٹر قادر مگسی نے کہاکہ اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو صرف ایم کیوایم کے آگے بین نہ بجاتی باقی اتحادیوں سے بھی مشاورت کرتی۔صدر ایک طرف بلوچستان کے عوام سے معافی مانگتے ہیں تو دوسری طرف پرامن سندھ کے حالات کو خراب کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ قابض ٹولہ پاکستان کا دشمن ہے جو ہتھیار اٹھانے پر مجبور کررہا ہے۔ حکمرانوں کو سوچنا ہوگا، صدر ذوالفقار مرزا سے ملنے گئے تو اگلے روز ایم کیو ایم نے3 روز کا الٹی میٹم دے دیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے کہاکہ قوم پرست جماعتوں کو قانون سازی پر اختلاف کا حق حاصل ہے لیکن عوام کو گمراہ نہیں کرنا چاہیے۔ میں حکومت اور قوم پرست جماعتوں کے درمیان مذاکرات کیلیے پل کی خدمات دینے کو تیار ہوں۔ سندھ میں ہمیشہ سیاسی اختلا فات رہے ہیں ہمیں تشدد کی طرف نہیں جانا چاہیے۔ قوم پرست رہنما ایاز لطیف پلیجو نے کہاکہ حکومت سندھیوں کو لالی پاپ دے کر عالمی طاقتوں کی خواہش پر ایک اور اسرائیل بنانا چاہتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں