ورلڈ گیمز کیلیے لاس اینجلس میں میدان سج گیا

177 ممالک کے7 ہزار سے زیادہ کھلاڑی اور آفیشلز اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کیلیے یہاں پہنچ چکے ہیں

177 ممالک کے7 ہزار سے زیادہ کھلاڑی اور آفیشلز اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کیلیے یہاں پہنچ چکے ہیں۔ فوٹو : فائل

اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے لیے لاس اینجلس میں میدان سج گیا،76 رکنی پاکستانی دستے سمیت177 ممالک کے7ہزار سے زائد ایتھلیٹس نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں پڑاؤ ڈال لیا، یہ25 کھیلوں میں صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے،30 ہزار رضا کار بھی مقابلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے خدمات سر انجام دینے میں مصروف ہیں،ایونٹ کا رنگارنگ افتتاحی تقریب میں ہفتے کو آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا کا شہر لاس اینجلس ان دنوں دنیا بھر کے اسپیشل کھلاڑیوں کی آمد سے ایک خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔

177 ممالک کے7 ہزار سے زیادہ کھلاڑی اور آفیشلز اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز میں شرکت کیلیے یہاں پہنچ چکے ہیں، ان میں پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز کا دستہ بھی ہے جو بھرپورجوش اورجذبے کے ساتھ میگا ایونٹ میں شرکت کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ لاس اینجلس وہی شہر ہے جس میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے1984 کے اولمپکس مقابلوں میں گولڈ میڈل جیتا تھا، اس شہر کوایک اعزاز یہ بھی حاصل ہے کہ لاس اینجلس میموریل کلوزیم دنیا کا واحد اسٹیڈیم ہے جہاں2 بار اولمپکس مقابلوں کی افتتاحی تقریبات سج چکی ہیں۔اس سے پہلے کسی ایک شہر میں 2بار اولمپک کھیلوں کا انعقاد تو ہو چکا تاہم 2بار میزبانی کااعزاز صرف کلوزیم کو ہی حاصل ہے ۔


اسپیشل اولمپکس ورلڈ گیمز کے مقابلے9 دن تک جاری رہیں گے، ایونٹ کیلیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، دنیا بھر سے لاس اینجلس پہنچنے والے اسپیشل ایتھلیٹس مختلف رنگوں کے ٹریک سوٹ میں ملبوس کسی اور ہی دنیا کا منظر پیش کررہے ہیں، کھلاڑیوں کے چہروں پر خوشی اور آنکھوں میں کچھ کر گذرنے کی چمک ہے اور یہی جذبہ انھیں ممتاز کیے ہوئے ہے۔ اسپیشل گیمز کو اولمپکس کے بعد دنیا کے دوسرے بڑے اسپورٹس ایونٹ کا درجہ حاصل ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ لاکھوں سے زیادہ شائقین ان کھیلوں کو دیکھنے کیلیے آئیں گے،کروڑوں افراد ان کھیلوں کو ٹیلی وژن پر براہ راست دیکھیں گے۔ انتظامی کمیٹی میں شامل مقامی شہری پیٹرک وہیلر نے نمائندہ'' ایکسپریس'' کو بتایا کہ صرف سات ہزار کھلاڑی ہی نہیں بلکہ تین ہزار کوچز، ساڑھے پانچ ہزار خاندان اور پانچ ہزار سابق و موجودہ نامور کھلاڑی انتظامی کمیٹی کی خصوصی دعوت پر یہاں آرہے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ 25کھیلوں کے مقابلے 27 مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔30 ہزار رضا کار ان کھیلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔مقابلوں کی افتتاحی تقریب میں ایک دن باقی رہ گیا اور جوش و خروش بڑھتا ہی چلا جا رہا ہے۔ایک مقامی شہری ڈیوڈ نے کہاکہ میں نے 1984اولمپکس کے بعد اپنے شہر میں پہلی بار ہر کسی کو خوش دیکھا،لوگوں کی خوشی اس لیے بھی دیدنی ہے کہ وہ دنیا بھر سے آئے ہوئے اسپیشل کھلاڑیوں کی میزبانی کر رہے ہیں۔
Load Next Story