دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

سیلاب کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، این ڈی ایم اے


ویب ڈیسک July 24, 2015
تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث اسپل ویز کھول دیئے گئے. فوٹو: فائل

مون سون بارشوں کے باعث پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے بعد دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ این ڈی ایم کے مطابق سیلاب کے خدشے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر درمیانے درجے جب کہ دریائے سوات میں چارسدہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر پانی کا اخراج 3 لاکھ ایک ہزار کیوسک جب کہ چشمہ کے مقام پر پانی کا اخراج 4 لاکھ 35 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے سندھ میں چاچڑاں کے مقام پر 5 لاکھ 25 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔

تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث پانی کا لیول 1533 فٹ ہو گیا ہے، ڈیم میں پانی کی آمد 3 لاکھ 63 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 79 ہزار 700کیوسک ہے، ڈیم سے اضافی پانی کے اخراج کے لئے سپل ویز کھول دئیے گئے ہیں جن سے 1 لاکھ 35 ہزار 200 کیوسک پانی کا اخراج جاری ہے۔

ڈی سی او بکھر کا کہنا ہے کہ دریائے سندھ میں بکھر کے مقام پر پانی کی گنجائش 10لاکھ کیوسک ہے جب کہ چشمہ بیراج ڈاون میں پانی کی سطح میں نمایا کمی آئی ہے۔ دریائے سندھ میں بکھر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، چشمہ بیراج ڈاؤن میں پانی کی آمد 3 لاکھ 99 ہزار 229 کیوسک جب کہ اخراج 3 لاکھ 95 ہزار 981 کیوسک ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں