افغان سرحد کےقریب شوال کاعلاقہ دہشت گردوں سے خالی کرا لیا طارق فاطمی

جنوبی ایشیا میں استحکام افغانستان میں امن سے وابستہ ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی

افغان صدراشرف غنی خطے میں قیام امن کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں، طارق فاطمی۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا کہنا ہے کہ افغان سرحد کے قریب شوال کا علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے۔


وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کا واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشت گرد کسی رحم کے قابل نہیں ہیں، ایک لاکھ 90 ہزار پاکستانی فوجی ضرب عضب میں حصہ لے رہے ہیں جب کہ افغان سرحد کے قریب شوال کا علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرا لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کےخلاف 13ماہ قبل آپریشن شروع کیاگیا، دہشت گردی میں ملوث ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام افغانستان میں امن سے وابستہ ہے اور افغان صدراشرف غنی خطے میں قیام امن کے لئے موثر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چین نے پاکستان میں رواں برس 46 ارب سرمایہ کاری کی جس کے تحت بڑے منصوبوں پرکام جاری ہے۔
Load Next Story