’’ماحولیاتی آلودگی‘‘

میرا بس چلے تو دریا میں خودکشی کے ارادے پر الیکٹرک چیئر پر مروا دوں۔ یو نو کتنی ماحولیاتی آلودگی ہوتی ہے۔


صنوبر نے بمشکل تمام اپنی عزت بچائی اور بھاگ کر پُل سے چھلانگ لگا کر دریا میں خودکشی کرلی۔ فوٹو: فائل

GILGIT: ڈاکٹر نسرین عابد کا شمار ملک کی چیدہ چیدہ خواتین میں ہوتا تھا۔ وِلایت سے ماحولیاتی انجینئرنگ میں ڈاکٹریٹ کرنے والی ملک کی شاید واحد خاتون تھیں اور ملک میں ماحولیاتی آلودگی پر کام کرنے والی سب سے بڑی NGO کی روحِ رواں۔

اُن کا چلنا پھرنا، اُٹھنا بیٹھنا، سونا جاگنا صرف و صرف ایک ہی فکر کے گرد تھا اور وہ تھی کہ کس طرح ملک عزیز کو ماحولیاتی آلودگی، گلوبل وارمنگ اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کی خانہ خرابیوں سے بچایا جا سکے۔ اِس موضوع پر کوئی پروگرام، کوئی انٹرویو، کوئی مذاکرہ، کوئی کانفرنس اور شو ایسا نہ تھا جو ان کی موجودگی کے بغیر مکمل سمجھا جاسکتا۔ اللہ نے بولنے کا فن بھی خوب دیا تھا۔

جب زندگی ماحول کی فکر میں تِیاگ دی تو گھریلو کام کاج کے لئے نوکروں کی ضرورت پیش آئی۔ صنوبر ایک گیارہ سالہ بچی تھی جو ایک دارالامان میں ابھی تک بچی ہوئی تھی جو ڈاکٹر صاحبہ کی ایک دوست نے انہیں محبتاً گفٹ کردی اور دنیا داری کو کسی مسکین غریب بچی کی کفالت کا سہرا الگ حصے میں آیا۔

صنوبر کو اپنی نئی مالکہ کا کام اور تقاریر بڑی پسند آتیں، وہ پوری شدت کے ساتھ اُن کی سچائی کی شہادت دیتی۔ ماحول آخر آلودہ ہی تو ہے، نظریں آلودہ ہیں جو اُس کے کم سن بدن کے آر پار ہوجاتی ہیں، لوگ آلودہ ہیں، مزاج آلودہ ہوگئے، رویّے اور ارادے آلودہ ہوگئے۔ خانقاہوں کے چراغ آلودہ ہوگئے، مسجدوں کے مینار آلودہ ہوگئے، منصفوں کا انصاف، راہبروں کی رہبری، منزلوں کے نشان، میاں بیوی کی محبت، اولادوں کی خدمت، گواہوں کے بیان، مفتی کے فتاویٰ، مولوی کا بیان، شیخ کی کرامات، مرید کے حالات، مالدار کا پیسہ، عورت کا حُسن اور بندے کی بندگی سب کچھ ہی تو آلودہ ہوگئے، ٹھیک کہا ڈاکٹر صاحبہ، حق ہے، صنوبر ماحولیاتی آلودگی کی اپنی ہی تعریف کرتی رہتی۔

دِل بینا ہو تو آنکھ کا کام صرف خوبصورتی میں اضافہ ہی رہ جاتا ہے۔ اور صنوبر کو گلوبل وارمنگ پر بھی پورا یقین تھا۔ جذبات کی حِدّت، جسموں کی گرمی، کلام کی تپش، رویّوں کی آنچ اور رشتوں کی دہک، اس کو سبھی تو محسوس ہوتے۔ اُسے لگتا اس کا اپنا حسن، اپنے ہی جسم کی حدّت میں جل کر راکھ ہو جائے گا۔

اِدھر ڈاکٹر صاحبہ کے بیرون ملک دورے طویل ہوتے چلے گئے اور اِدھر اُن کے شوہر کی صنوبر کے ساتھ دست برداریاں، آج تو پیشرفت میں حد ہی ہوگئی۔ صنوبر نے بمشکل تمام اپنی عزت بچائی اور بھاگ کر پُل سے چھلانگ لگا کر دریا میں خودکشی کرلی۔ 3 دن بعد لاش ملی تو جگہ جگہ سے پھٹ گئی تھی اور پھول کر کُپا ہوگئی تھی۔ تعفن اتنا کہ کوئی اپنا پاس نہ جائے تو خیراتی ادارے والے کہاں ہمت کریں۔ جیسے تیسے کفن دے کر سُپردخاک کیا۔

ڈاکٹر صاحبہ کی واپسی پر صنوبر کی موت کا واقعہ بجلی بن کر گِرا، وہ تڑپ کر کہنے لگیں کہ ساری آنتیں اور خون دریا کے پانی میں مل گیا ہوگا، میرا بس چلے تو دریا میں خودکشی کے ارادے پر الیکٹرک چیئر پر مروا دوں۔ یو نو کتنی ماحولیاتی آلودگی ہوتی ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 سے 800 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔ بلاگ کے ساتھ تصاویر اورویڈیو لنکس

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں