کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ پولیو ٹیم کے رکن سمیت 5افراد جاں بحق لاش ملی

سرکی روڈ پر نامعلوم افراد نے دکان میں اندھا دھند فائرنگ کردی، ہزارہ کمیونٹی کے 4 افراد موقع پر چل بسے

پولیو ٹیم کو رند گڑھ میں نشانہ بنایاگیا، تربت میں فائرنگ سے 2مزدور ،نصیرآباد میں نیٹو کے ٹینکر پر فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق۔ فوٹو: فائل

کوئٹہ کے سرکی روڈ اور رند گڑھ میں فائرنگ کے 2مختلف واقعات میں پولیو ٹیم کے رکن سمیت 5افراد جاں بحق جبکہ سردارکاریزکے علاقے سے ایک لاش ملی ہے۔

تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح کوئٹہ کے علاقے سرکی روڈ پرنامعلوم مسلح افراد نے ٹائر کی دکان میں موجود افراد پر اندھا دھند فائرنگ کردی جسکے نتیجے میں 4افرادعلی عطاء، محمد ابراہیم ، سیدعیوض اور غلام علی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے واقعہ کے بعد پولیس نے لاشیں اسپتال پہنچادی جاں بحق ہو نیوالے افراد کا تعلق ہزارہ کمیونٹی سے تھااورپولیس نے واقعے کو فر قہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ قراردیاہے ،واقعے کے بعد ہزارہ کمیونٹی کے افرادکی بڑی تعداداسپتال پہنچی اورجناح روڈ کو احتجاج کے طور پر بندکردیا جبکہ سرکی روڈ سمیت شہرکے مختلف علاقوں میں دکانیں بھی لوگوں نے بند کر ادیں۔


بعدازاں لواحقین میتوں کو جلوس کی شکل میں امام بارگاہ لے گئے،فائرنگ کا دوسرا واقعہ شہر کر نواحی علاقے مشرقی بائی پاس رند گڑھ میں پیش آیا جہاں پولیس کے مطابق نا معلوم مسلح افراد نے پولیو ٹیم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ٹیم کا رکن عمران شدید زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ ادھر تھانہ شالکوٹ کے علاقے سردار کاریز سے پولیس کو ایک نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے انھوں نے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں اسے محمد انورکے نام سے شناخت کر لیا گیاہے ۔

ادھر آن لائن کے مطابق منگل کو تربت کے علاقے بلیدہ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 2مزدوروں ریاض اورشیر نواب کو ہلاک کردیا ،مقتولین کا تعلق خیبر پختونخوا سے بتایا جاتا ہے دریںاثناء نصیرآباد کے علاقے میں نامعلوم افراد کی نیٹو فورسز کیلیے آئل لیکرجانے والے ٹینکر پر فائرنگ سے ڈرائیور عمر احمد ہلاک جبکہ اس کا ساتھی خادم حسین زخمی ہوگیا۔
Load Next Story