بھارتی ریلوے پولیس نے قومی کھلاڑی کو چلتی ٹرین سے گرا کر ہلاک کردیا

ہوشیار سنگھ کی عمر 27 سال تھی اور تلوار بازی کے قومی سطح کے چیمپیئن تھے۔


ویب ڈیسک July 24, 2015
ہوشیار سنگھ ہندوستان میں تلوار بازی کے کھیل میں قومی سطح کے چیمپیئن تھے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارتی ریلوے پولیس نے اپنے ایک قومی کھلاڑی کو چلتی ٹرین سے دھکا دے کر نیچے پھینک دیا جس کے باعث وہ ہلاک ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 27 سالہ ہوشیار سنگھ تلوار بازی (فینسنگ) کا قومی سطح کا چیمپیئن تھا جو اپنی والدہ، بیوی اور 10 ماہ کے بچے کے ساتھ کاسگنج متھورا ٹرین سے سفر کررہا تھا۔ اترپردیش کے ضلع ہتراس میں سکندر راؤ ریلوے اسٹیشن سے قبل ریلوے پولیس اہلکاروں نے اسے چلتی ٹرین سے دھکا دیدیا۔

اس کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی ریلوے آفیشل نے کچھ بتایا ہے لیکن اس کے اہلِ خانہ نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ اپنی بیمار بیوی کی طبیعت پوچھنے جب خواتین کے کمپارٹمنٹ میں گیا تو ایک اہلکار نے اسے روک کر 200 روپے رشوت طلب کی۔ رقم دینے سے انکار پر پولیس اہلکاروں نے تلخ کلامی کے بعد اشتعال میں آکر اسے چلتی ٹرین سے دھکا دیدیا۔

وزیرِمملکت برائے ریلوے منوج سنہا کے مطابق جائے حادثہ پر ماہرین کی ایک ٹیم بھیجی گئی ہے جو تفصیلی تفتیش کے بعد اپنی رپورٹ سے آگاہ کرے گی اور اسی بنیاد پر کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔ ہوشیار سنگھ کے اہلِ خانہ نے واقعے پر ریلوے پولیس کے خلاف قتل کا مقدمہ قائم کرنے کی درخواست کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں