پاکستان کا دورہ زمبابوے ملتوی قومی ٹیم نے رینکنگ میں آٹھویں پوزیشن محفوظ کرلی

چیمپئنز ٹرافی2017 میں شرکت پر مہر ثبت، 30 ستمبر کی کٹ آف تاریخ تک کوئی ون ڈے نہیں کھیلا جائے گا

منی ورلڈ کپ میں شمولیت کا راستہ بند ہونے پر ویسٹ انڈیزکا ٹی ٹوئنٹی ایونٹ کھیلنے سے انکار، فوٹو:فائل

RAWALPINDI:
پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت پر مہر ثبت کرلی، کوئی خطرہ مول لینے سے گریز کرتے ہوئے رینکنگ کی آٹھویں پوزیشن کو ''محفوظ'' بنا لیا گیا، 30 ستمبر تک کوئی ون ڈے نہیں کھیلا جائیگا،آئندہ ماہ شیڈول دورہ زمبابوے ملتوی کردیاگیا.





تفصیلات کے مطابق دورہ بنگلہ دیش میں میزبان ٹیم سے ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کے بعد پاکستان کی عالمی رینکنگ میں نویں پوزیشن ہو گئی، یوں انگلینڈ میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی2017 میں شرکت کے لالے پڑ گئے تھے،ایونٹ میں ٹاپ 8 ٹیموں کو ہی شرکت کا موقع ملناہے، زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں گرین شرٹس کی کامیابی بھی مقصد پانے کیلیے ناکافی تھی، بہتری کا اگلا موقع سری لنکا کیخلاف سیریز میں تھا لیکن ہوم گراؤنڈز پر آئی لینڈرز کو ہرانا کبھی آسان نہیں ہوتا، گرین شرٹس تو 9سال سے وہاں کامیابی کو ترس رہے تھے۔





پی سی بی حکام کو خدشات تھے کہ اگر دورہ سری لنکا کے دوران رینکنگ میں بہتری نہ لائی جا سکی تو پوائنٹس کا معمولی فرق رکھنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کا راستہ صاف ہوجائیگا، اس لیے زمبابوین ٹور میں میزبان کے ساتھ کیریبیئنز کو بھی شامل کرکے ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کھیلا جائے تو پوائنٹس کی کمی پوری کرنے کا ایک اور موقع باقی رہے گا،تجویز سامنے آنے پر ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے گذشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں ہی ایونٹ کا حصہ بننے کی تصدیق بھی کردی تھی،آئی لینڈ میں پاکستانی ٹیم نے توقعات سے بڑھ کر کارکردگی پیش کی اور سیریز جیت کر اتنے پوائنٹس بھی حاصل کرلیے کہ 30 ستمبر تک 8 ویں پوزیشن کو کوئی خطرہ نہیں ہوگا، کیریبیئن سائیڈ کے پاس کوئی اور سیریز اور رینکنگ میں بہتری لانے کا موقع نہیں ہے۔ سہ ملکی ایونٹ میں اس کی شمولیت اور گرین شرٹس کی چند شکستیں بنا بنایا کھیل بگاڑ سکتی تھیں، نئی صورتحال کے پیش نظر پی سی بی حکام نے فوری طور پر موجودہ رینکنگ کو محفوظ رکھنے پر غور شروع کردیا، ان کا کہنا تھا کہ زمبابوے کا دورہ تو طے ہے لیکن پاکستان نے کسی ون ڈے ٹرائنگولر سیریز کی باقاعدہ حامی بھری نہ معاہدہ کیا،اسے بیک اپ پلان کے طور پر رکھا گیا تھا۔




ذرائع کے مطابق چیئرمین بورڈ شہریار خان اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں سے صلاح مشورے کے بعد فیصلہ کرلیا گیاکہ چیمپئنز ٹرافی کیلیے راہ ہموار ہونے کے بعد پاکستانی ٹیم نہ صرف ٹرائنگولر سیریز بلکہ 30 ستمبر سے پہلے کسی ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریگی۔



ابتدائی پروگرام کے مطابق گرین شرٹس کو ایک روزہ میچز کی سیریز کیلیے 17 اگست سے 7 ستمبر تک زمبابوے کا جوابی دورہ کرنا تھا، پی سی بی کی ایک تجویز یہ بھی تھی کہ ٹی ٹوئنٹی میچز کا سہ ملکی ٹورنامنٹ کرالیا جائے، زمبابوین بورڈ نے ویسٹ انڈیز سے مشورے کیلیے وقت مانگا جس نے مختصر فارمیٹ کے میچز میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی، دوسری جانب زمبابوے کو بھی اس سے مالی فوائد حاصل نہیں ہو رہے تھے، میزبان ملک کو ٹرائنگولر ٹورنامنٹ کے انعقاد یا فل سیریز سے ہی فائدہ پہنچ سکتا تھا،ان حالات میں پاکستان نے دورہ ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔



پی سی بی ذرائع کے مطابق اس ضمن میں زیڈ سی سے مشاورت کرلی گئی، صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز سے نشریاتی حقوق سمیت مختلف مالی مسائل درپیش ہوتے، دستیاب وقت پر پاکستانی ٹیم زمبابوے کا مکمل دورہ ضرور کریگی جہاں دونوں ٹیموں میں 3 ٹیسٹ، اتنے ہی ون ڈے اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

https://www.dailymotion.com/video/x2z5p46_pakistan_news
Load Next Story