بالی ووڈکیا ہے سندرتا کا بھید

اگر خوب صورتی کے ساتھ ساتھ ذہانت بھی ہو تو ہر جگہ اپنی کام یابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہے

اگر خوب صورتی کے ساتھ ساتھ ذہانت بھی ہو تو ہر جگہ اپنی کام یابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہے۔:فوٹو : فائل

عورت کے پاس خوب صورتی ایک ایسا قدرتی ہتھیا ر ہے جس کے بل بوتے پر وہ دنیا کو اپنے قدموں میں ڈھیر کر سکتی ہے اور اگر خوب صورتی کے ساتھ ساتھ ذہانت بھی ہو تو ہر جگہ اپنی کام یابی کے جھنڈے گاڑ سکتی ہے۔

کچھ خواتین قدرت طور پر واقعی خوب صورت اور انتہائی پرکشش شخصیت کی مالک ہوتی ہیں اور کچھ ایسی بھی ہیں جنہیں قبول صورت کہا جاتا ہے، لیکن وہ اپنے بننے سنورنے اور اپنی جسمانی فٹنس پر اس قدر توجہ دیتی ہیں کہ سب کو پیچھے چھوڑ دیتی ہیں۔ ایسا ہی کچھ بولی وڈ میں ہے۔

کچھ ہیروئنز ایسی ہیں جنہیں اپنی شخصیت یا لُک کے ساتھ زیادہ محنت نہیں کرنا پڑتی اور آن اور آف اسکرین ایک جیسی ہی اسمارٹ اور خوب صورت نظر آتی ہیں، لیکن ا س کے برعکس بولی وڈ میں اَسّی فی صد اداکارائیں اپنے آپ کو خوب صورت بنانے میں مصنوعی چیزوں کا سہارا لیتی ہیں۔

ہر قسم کے میک اپ کے ساتھ ہربل طریقے اور پلاسٹک سرجری بھی ان کے بیوٹی باکس کا اہم حصہ ہوتی ہے۔ عام خواتیں بھی ان جیسی نظر آنے کے لیے شعوری کوششیں کرتی رہتی ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ فلم انڈسٹری کی یہ ہیروئنز اپنی خوب صورتی کو بنانے اور اسے برقرار رکھننے کے لیے کیا کیا جتن کرتی رہتی ہیں۔

٭دیپکا پاڈوکون: فلم میکر فرح خان کی فلم اوم شانتی اوم میں بولی وڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے ساتھ اپنے فلمی کیریر کا آغاز کرنے والی اداکارہ دیپکا نے اپنی پہلی فلم ہی سے وہ کام یابی اور شہرت حاصل کی جو کم ہی کسی کے حصے میں آتی ہے۔ کام یابی کے اس سفر کے آغاز کے بعد اس نے پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ آج اس کا شمار بولی وڈ کی نمبر ون اداکارہ کے طور پر کیا جاتا ہے۔

دیپکا پاڈوکون قدرتی طور غیرمعمولی خوب صور ت نہیں لیکن جس طرح وہ اپنا خیال رکھتی ہے اس سے وہ خوب صورت نظر آتی ہے۔ دیپکا کی خوب صورتی اور فٹنس میں کریش ڈائیٹنگ کی بالکل گنجائش نہیں بل کہ وہ صحت مند اور متوازن غذا کھانے کی شوقین ہے، جس سے اس کے جسم کو تمام قدرتی اجزاء میسر آسکیں۔ چہرے اور جلد کی تازگی اور کشش برقرار رکھنے کے لیے وہ پانی کا بے تحاشہ استعمال کرتی ہے اور دن بھر میں کم سے کم دس سے بارہ گلاس پانی تو ضرور پیتی ہے، تاکہ ا ن کی اسکن ڈی ہائی ڈریٹ سے بچی رہے۔ کلیزنگ، ٹوننگ اور موئسچرائزر اس کے روزمرہ کی بیوٹی ٹپس میں شامل ہے۔

دن کے اوقات میں وہ موئسچرائزرملا سن بلاک کا استعمال باقاعدگی سے کرتی ہے۔ دیپکا روزانہ فیشل نہیں کراتی بل کہ ہفتے میں ایک بار وہ اس طریقے کو ضرور اپناتی ہے، اس کے علاوہ سونے سے پہلے وہ کسی بہترین موئسچرائزنگ کریم سے اپنا میک اپ صاف کرنا نہیں بھولتی۔ غسل کے لیے دیپکا صابن کے بجائے لوفہ (کدو سے مشابہ ایک سبزی کا استعمال کرتی ہے) اس کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف اسکن کے مردہ سیل ختم ہوتے ہیں بلکہ خون کی گردش میں بھی تیزی آتی ہے، جس سے جلد صحت مند رہتی ہے۔

اپنے بالوں کی افزائش اور خوب صورتی کے لیے وہ ہفتے میں ایک بار ناریل کے تیل کا مساج کرتی ہے اور ایسا وہ اپنے بچپن سے کرتی آرہی ہے۔ دیپکا کی خوب صورتی میں اس کی فٹنس کا بھی اہم دخل ہے۔ وہ بیڈ منٹن کی بہترین کھلاڑی رہ چکی ہے۔ اس حوالے سے فٹنس کی اہمیت سے بہ خوبی آگاہ بھی ہے۔ اس کی ٹرینر یاسمین دیپکا کو pilatesاورstretchingکی ایکسرسائز باقاعدگی سے کرواتی ہے۔

٭کترینہ کیف: بولی وڈ کی یہ باربی ڈول قدرتی طور پر خوب صورتی کی دولت سے مالا مال ہے اور اس کی حفاظت کے لیے وہ بھی دیگر ہیروئنز کی طرح بہت سے طریقے آزماتی ہے۔ تیس سال کی عمر میں بھی اپنی عمر سے دس سال کم نظر آتی ہے۔ کترینہ کے نزدیک جلد کی خوب صورتی اور قدرتی کشش کو برقرار رکھنے کے لیے آسان ترین نسخہ یہ ہے کہ آپ صبح نہار منہ چار سے پانچ گلاس پانی کے پیئیں کترینہ خود اس طریقہ پر باقاعدگی سے عمل کرتی ہے۔

اس کا کہنا ہے کہ اس طرح نہ صرف جلد صحت مند رہتی ہے بلکہ خون کی روانی میں تیزی آتی ہے، جس سے اسکن پُرکشش ہوتی ہے، اسکن کلیزنگ کے لیے وہ قدرتی آئل کے ساتھ کبھی کبھار دودھ کا بھی استعمال کرتی ہے۔ کلیزنگ اور فیشل کے بعد وہ ہمیشہ ہربل مڈ ماسک کا لگانا پسند کرتی ہے۔

کترینہ کو بہت بھاری یا زیادہ میک اپ کرنا پسند نہیں، اس لیے جب بھی وہ گھر سے باہر جاتی ہے تو لپ بام کے ساتھ سن بلاک کا استعمال کرنا ضروری سمجھتی ہے۔ کترینہ میک اپ کرنے سے پہلے ہر قسم کے فاؤنڈیشن کے استعمال سے گریز کرتی ہے اور اس کے متبادل کے طور پر آئس کیوب کو ململ کے کپڑے میں لپیٹ کر اس کا مساج کرتی ہے اور پھر میک اپ اپلائی کرنا پسند کرتی ہے۔ اپنے بالوں کی خوب صورتی کے لیے وہ ہفتہ میں ایک بار ڈیپ کنڈیشنر ضرور کرتی ہے۔


فٹنس کے لیے وہ باقاعدگی سے ڈانسنگ، سوئمنگ، جاگنگ کے ساتھ ساتھ دیگر ایکسرسائز بھی کرتی ہے۔ کھانے میں کترینہ ایسی اشیاء کھانا پسند کرتی ہے، جس میں کاربویاڈریٹ کے بجائے پروٹین، آئرن اور وٹامنز کی بھرپور تعداد شامل ہو۔ اس معاملے میں وہ پھل کھانے کو ترجیح دیتی ہے اور اس کا پسندیدہ پھل acai berryہے۔

٭کرینہ کپور: بولی وڈ کی سپر اسٹار اداکارہ جو صرف خوب صورت ہی نہیں بل کہ اس کی اداکاری بھی بے مثال ہے شادی کے بعد گوکہ اس نے فلموں میں کام کم کر دیا ہے لیکن اس کی ڈیمانڈ میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی ہے۔

آڈینس کرینہ کی دیوانی ہے اور اسے فلموں میں دیکھنا پسند کرتی ہے۔ کرینہ کپور خان کے شمار ان لڑکیوں میں کیا جاتا ہے، جو قدرتی طور خوب صورتی کی دولت سے مالامال ہیں۔ وہ خود بھی اپنی خوب صورتی اور پرکشش شخصیت کا ذمہ دار اپنی جین کو ٹھیراتی ہے اور اس کی حفاظت کرنے سے بھی بہ خوبی آگاہ ہے۔ جلد کی تازگی اور شگفتگی کو برقرار رکھنے کے لیے وہ پورے دن میں چھے گلاس ابلا ہوا پانی پیتی ہے۔

آن اور آف اسکرین وہ میک اپ کا استعمال کم کرنا پسند کرتی ہے اور اگر گھر پر ہو تو ہر قسم کے میک اپ سے دور رہتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ پین کیک میک اپ کرنے کی بھی شوقین نہیں۔ نہ ہی روزانہ کی بنیاد پر اسے فیشل کرانا پسند ہے۔ فٹ رہنے کے لیے وہ گوشت کے بجائے ہری سبزیوں کا استعمال بہت زیادہ کرتی ہے۔

ہر دو سے تین گھنٹوں کے بعد وہ کچھ صحت مند غذا کھانے کی بھی شوقین ہے۔ ڈنر میں وہ عام طور پر براؤن چاول، چپاتی، سبزی یا دال کے ساتھ دہی کھانا پسند کرتی ہے۔ بالوں کی خوب صورتی کو برقرار رکھنے کے لیے وہ مہینے میں ایک بار تمام آئل کا مکسچر جن میں ناریل، اولیوو، بادام اور کیسٹر آئل شامل ہے سے بالوں میں مساج کے علاوہ وہ ہمیشہ شیمپو کا استعمال کرتی ہے۔ بالوں کو روزانہ بلو ڈرائی کرنے کے ساتھ ڈارک براؤن کلر کا استعمال بھی کرتی ہے۔

٭سوناکشی سنہا: سوناکشی نے سلمان کان کے ساتھ اپنی پہلی فلم میں دبنگ میں وہ دبنگ کام کیا کہ شہرت اور کام یابی کے دروازے اس پر وا ہوگئے۔ اس کا شمار انڈسٹری کی چند بہترین ہیروئنز میں کیا جانے لگا۔ سوناکشی کو میک اپ کرنا بالکل بھی پسند نہیں اور اپنی اسکن کی تازگی اور شگفتگی کو قائم رکھنے کے لیے وہ کسی کریم یا لیکویڈ پروڈکٹس کا سہارا نہیں لیتی، بل کہ اس کے لیے وہ قدرتی یعنی ہربل اشیاء استعمال کرنے کو ترجیح دیتی ہے۔

اسکن کے لیے وہ روزانہ آئس یعنی برف کا مساج کرتی ہے۔ اس نہ صرف چہرے کے مسام ٹائٹ ہوتے ہیں بلکہ ان کی گہرائی میں جاکر صفائی بھی کرتی ہے۔ اس کے علاوہ وہ مختلف مواقع کے لیے ملتانی مٹی کے ماسک کا استعمال خاص طور سے کرتی ہے۔ سوناکشی کا کہنا ہے کہ ملتانی مٹی کا ماسک اس کی اسکن کے لیے بہترین پروڈکٹ ہے جو ہر طرح سے اسکن کی حفاظت کرتا ہے چہرے کو ہر قسم کے دانوں، داغ دھبوں اور لائنوں سے بچانے کے لیے سوناکشی روزانہ کلیزنگ اور فیشل کے ساتھ خالص ایلو ویرا کا استعمال کرتی ہے۔

اپنے بالوں کی خوبصورتی کو قائم رکھنے کے لئے وہ ہفتہ میں ایک بار ناریل یا اولیوو آئل سے خوب مساج کرتی ہے اور شیمپو کا استعمال باقاعدگی کے ساتھ کرتی ہے ۔ فلموں میں آنے سے پہلے سوناکشی کا وزن ساٹھ کلو گرام تھا اور اس کا شمار اچھی خاصی موٹی لڑکیوں میں کیا جاتا تھا، لیکن پھر حیرت انگیز طور پر اس نے یوگا اور دیگر ایکسرسائز کے ذریعے اپنا وزن تیس کلو گرام تک کم کرلیا اور اپنی جسمانی فٹنس کو برقرار رکھنے کے وہ روزانہ بڑی باقاعدگی سے یوگا کرتی ہے۔

سوناکشی کی ایکسر سائز میں weight training, outdoor games,cardio,اور پاور یوگا شامل ہیں۔ سوناکشی کا ڈائٹ پلان وزن کم کرنے کے بعد سے بہت سادہ ہوگیا ہے، دال، چپاتی، دودھ، ڈرائی فروٹس، گرین ٹی، سلاد پھل وغیرہ سوناکشی کا ڈائٹ فوڈز ہیں۔

٭ایشوریا رائے بچن: یقیناً ایش کا شمار دنیا کی ان چند خوب صورت ترین خواتین میں کیا جاتا ہے جو دلوں پر راج کرنے کے فن سے بہ خوبی آگاہ ہوتی ہیں۔ دنیا کی سب سے خوب صورت عورت کا تاج پہننے والی ایش کی خوب صورتی اور پرکشش شخصیت کے سب ہی دیوانے ہیں۔ لڑکیاں خاص طور سے یہ جاننے کی کوششوں میں لگی رہتی ہیں کہ آخر ایشوریارائے اپنی خوب صورت شخصیت کو برقرار رکھنے کے لیے کون کون سے ٹوٹکے آزماتی ہے۔

اپنی بے انتہا فریش اور چمک دار اسکن کی تازگی کو قائم رکھنے کے لیے وہ فرائی اشیاء کے ساتھ ساتھ جنک فوڈز، الکحل اور اسموکنگ سے مکمل اجتناب کرتی ہے اور گھر کا پکا ہوا کھانا، جس میں زیادہ تر سبزیاں شامل ہیں، کھانا پسند کرتی ہے۔ پھل کھانے کے ساتھ ساتھ وہ پانی کا بھی بہت استعمال کرتی ہے۔ چہرے کے لیے وہ ہر بل اشیاء کا استعمال کرتی ہے اور اس کے لیے وہ بیسن، ہلدی اور دودھ کا مکسچر بہ طور کلیزنگ اپلائی کرتی ہے، اس کے دہی کو وہ بہ طور موئسچرائز لگاتی ہے اور کھیرے کو روزانہ اپنی اسکن پر ماسک کے طور پر استعمال کرتی ہے۔ جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لیے وہ یوگا کرتی ہے۔
Load Next Story