عمران خان پیپلزپارٹی کا موقف جوڈیشل کمیشن لےجاتے تو نتیجہ مختلف ہوتا خورشید شاہ

ہر ادارے کو دوسرے ادارے کا احترام کرنا چاہیئے اگر ایک دوسرے کے خلاف اقدامات کئے گئے تو اس سے نقصان ہوگا،اپوزیشن لیڈر

ہر ادارے کو دوسرے ادارے کا احترام کرنا چاہیئے اگر ایک دوسرے کے خلاف اقدامات کئے گئے تو اس سے نقصان ہوگا،اپوزیشن لیڈر. فوٹو: فائل

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ عمران خان اگر پیپلزپارٹی کا موقف جوڈیشل کمیشن کے سامنے لے جاتے تو نتیجہ مختلف ہوتا تاہم انہیں کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔


موسم کی خرابی کے باعث دورہ چترال ملتوی ہونے کے بعد اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے متعلق عمران خان کو پارلیمنٹ میں آکر بات کرنی چاہیئے، انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کرنا عمران خان کا حق تھا اس لئے انہیں جوڈیشل کمیشن کے فیصلے کے بعد کسی سے معافی مانگنے کی ضرورت نہیں اور ہم دعا گو ہیں کہ عمران خان سیاست میں واپس آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے چترال جانےکا رسک لیا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث نہیں جا سکے،سیلاب کے باعث جاں بحق افراد کے ورثا کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اورچترال کے لوگوں کے دکھ بانٹنے ضرور جائیں گے۔

کراچی میں سوک سینٹر پر رینجرز کے چھاپے پر رد عمل دیتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جس کا جو کام ہے اسے وہی کرنا چاہیئے، رینجرز کو سندھ پولیس نے دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے بلایا ہے اگر وہ کوئی اور کام کرتے رہیں گے تو اپنا کام بھول جائیں گے، ہر ادارے کو دوسرے ادارے کا احترام کرنا چاہیئے اگر ایک دوسرے کے خلاف اقدامات کئے گئے تو اس سے نقصان ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری اگر سیاست میں آنا چاہتے ہیں توانہیں خوش آمدید کہیں گے انہیں محسوس ہوگا کہ سیاست کیا چیز ہوتی ہے کیوں کہ کرسی پر بیٹھ کر فیصلے کرنا الگ بات ہوتی ہے اور عملی میدان میں آنا الگ بات جب کہ انہوں نےآفرکی تھی کہ پرویز مشرف کو بھی سیاست میں ساتھ لے لیں۔
Load Next Story