ملک بھرمیں بارشوں کا سلسلہ جاری موسم خوش گوار

روشنیوں کے شہر کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج تیسرے روز بھی رم جھم جاری ہے

اگلے تین سے چار روز کے دوران مزید مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی:فوٹو فائل

ملک بھر کو مون سون بارشوں نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کی وجہ سے جہاں موسم خوشگوار ہوگیا ہے وہیں متعدد مقامات پر انتظامیہ نے شہریوں کو محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کی ہدایت کردی ہے۔

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاوراوراس کے نواحی علاقوں میں موسلا دھاربارش وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں، وزیرباغ روڈ،کوہاٹی ، گلبہار،حافظ آباد،یکہ توت اوررشیدگڑھی میں بجلی کی بندش نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بارش سے موسم خوش گوارہوگیا ہے، ضلع کوہاٹ بھرمیں موسلا دھاربارش کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے جس کی وجہ سے ضلعی انتطامیہ نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔ اس کے علاوہ خیبر ایجنسی میں بھی موسلا دھاربارش سے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔


روشنیوں کے شہر کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں آج تیسرےروز بھی رم جھم جاری ہے، کراچی میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی نے شہریوں کی چھٹی کا مزہ دوبالا کردیا ہے، لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحل سمندر اور دیگر تفریحی مقامات کا رخ کرلیا ہے، اس کے علاوہ سکھر، روہڑی، خیر پور، شکارپور، لاڑکانہ اور بدین میں بھی وقفے وقفے سے کہیں ہلکی اور کہیں تیزبارش کا سلسلہ جاری ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور اس کے جڑواں شہرراولپنڈی میں بھی موسلا دھاربارش کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا ہے۔ راولپنڈی اور گردونواح میں بارش کی وجہ سے مختلف مقامات پر نالہ لئی کی سطح بلند ہونا شروع ہوگئی ہے جب کہ راول ڈیم کے اسپل ویز کھولنے سے نالہ کورنگ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جس کی وجہ سے ضلعی انتطامیہ نے دونوں برساتی نالوں کے اطراف رہنے والوں کو مھفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی ہے۔ پنجاب میں گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، مظفر گڑھ اور حافظ آباد میں بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ حافظ آباد میں ساگر کے قریب نہر پر قائم سو سال پرانا پل منہدم ہوگیا ہے جس کی وجہ سے 20 سے زائد دیہات کا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے تین سے چار روز کے دوران مزید مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقے، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، بہاولپور، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، مردان، پشاور، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم ایجنسیزمیں بارش کا امکان ہے۔
Load Next Story