قمر منصور کو نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت مل گئی

طبی معائنے کے تمام اخراجات ملزم خود برداشت کرے گا، عدالت کا فیصلہ


ویب ڈیسک July 27, 2015
قمر منصور کو رینجرز نے 17 جولائی کو نائن زیرو سے حراست میں لیا تھا فوٹو: فائل

RAWALPINDI/ ISLAMABAD: انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور کو نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دے دی۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قمر منصور کو نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دینے سے متعلق درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران قمر منصور کے وکیل محفوظ یار خان نے عدالت کے روبرو اپنے موکل کی گزشتہ طبی رپورٹس پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ انہیں ریڑھ کی ہڈی کے آپریشن کی اشد ضرورت ہے۔ اس لئے عدالت سے استدعا ہے کہ قمر منصور کو نجی اسپتال سے علاج کی اجازت دی جائے۔

سماعت کے دوران رینجرز کے وکیل نے کہا کہ قمر منصور اس وقت کراچی سینٹرل جیل کے نظر بندی مرکز میں قید ہیں، جیل مینوئل کے تحت رینجرز کو قمر منصور کا طبی معائنہ کرانے میں کوئی اعتراض نہیں۔ عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد قمر منصور کو ان کے اپنے خرچے پر نجی اسپتال سے طبی معائنہ کرانے کی اجازت دے دی۔

واضح رہے کہ قمر منصور کو رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت 90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔