پالتو پتھر فروخت کرنے والا گیری روس ڈہل

مارکیٹنگ کا ماہر، جس نے ’ پالتو‘ پتھروں کی فروخت سے کروڑوں کمائے


عبدالریحان July 28, 2015
مارکیٹنگ کا ماہر، جس نے ’ پالتو‘ پتھروں کی فروخت سے کروڑوں کمائے ۔ فوٹو : فائل

کیاآپ ساحل سمندر پر پائے جانے والے پتھروں کو بیچ کر کروڑوں کما سکتے ہیں؟ یقیناً آپ کے لیے بہت مشکل ہوگا، مگر گیری روس ڈہل ہموار چپٹے پتھر امریکیوں کوفروخت کر کرکے مفلوک الحال انسان سے دولت مند بن گیا تھا۔ رواں برس مارچ میں گیری اس دنیا سے سدھار گیا، مگر اس کا نام بالخصوص مارکیٹنگ کی دنیا میں ایک ایسے شخص کے طور پر یاد رکھا جائے گا جس نے اپنی ذہانت سے لوگوں کو پتھر خریدنے پر مجبور کردیا۔

گیری نے پیشہ ورانہ زندگی کی ابتدا ایک اشتہار ساز ایجنسی میں کاپی رائٹر کی حیثیت سے کی تھی، مگر جب اس کا ' پالتو پتھر' فروخت کرنے کا آئیڈیا کام یاب ہوا تو چند ہی برس میں وہ خود ایک تشہیری ایجنسی کا مالک بن گیا۔

1970ء کی دہائی کی بات ہے، گیری ایک دن شراب خانے میں بیٹھا ہوا تھا۔ قریبی میز پر بیٹھے ہوئے چند افراد اپنے پالتو جانوروں کے سلسلے میں پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کر رہے تھے کہ انھیں کھلانا پلانا، چہل قدمی کے لیے لے جانا اور صاف ستھرا رکھنا ایک مشکل کام ہے۔

ایک سیلزمین کا ذہن رکھنے والے گیری کے دماغ میں فوراً ایک خیال کوندے کی طرح لپکا۔ اس نے ان لوگوں سے کہا کہ اسے اپنے پالتو کی دیکھ بھال میں کوئی مشکل پیش نہیں آتی کیوں کہ اس کا پالتو کوئی جانور بلکہ خوب صورت سا پتھر ہے! وہ لوگ گیری کی بات سن کر ہنس دیے۔

ان کا ردعمل دیکھ کر گیری نے ' پالتو پتھر' فروخت کرنے کے خیال کو عملی جامہ پہنانے کی ٹھان لی۔ چند ہی روز میں اس نے دو سرمایہ کاروں کو اس انوکھے کاروبار میں سرمایہ لگانے پر تیار کرلیا۔ اس نے بڑی تعداد میں میکسیکو کے ساحل پر پائے جانے والے پتھر خرید لیے۔ گیری جانتا تھا کہ کسی بھی شے کی فروخت میں اس کی پیکنگ سب سے اہم کردار ادا کرتی ہے۔

کئی روز کی محنت کے بعد اس نے پتھروں کی پیکنگ کے لیے کارڈبورڈ کا خوب صورت سا کیس تیار کرلیا، جس میں ہوا کی آمدورفت کے لیے سوراخ بھی رکھے گئے تھے، تاکہ ' پالتو' کو سانس لینے میں دقت نہ ہو۔ اس نے ہر پتھر کو کیس میں خوب صور تی سے کے ساتھ پیک کیا۔

گیری نے ایک معلوماتی کتابچہ بھی ترتیب دیا جس میں ' پالتو پتھر' کی دیکھ بھال سے متعلق ہدایات درج تھیں۔ درحقیقت یہ کتابچہ ہی Pet Rocks یعنی پالتو پتھروں کی مقبولیت کا سبب بنا جس میں انتہائی شگفتہ انداز میں ہدایات تحریر تھیں۔ پالتو پتھر خریدنے والا ان ہدایات کر پڑھ کر مسکرائے بغیر نہیں رہ سکتا تھا۔ کاروباری دنیا میں مصنوعات کی فروخت کے لیے انھیں مارکیٹ میں لانے کا وقت بہت اہمیت رکھتا ہے۔

گیری نے پتھروں کی فروخت کا کاروبار اس زمانے میں شروع کیا جب امریکی قوم مایوسی اور اضطراب کا شکار تھی۔ یہ وہ دور تھا جب ویت نام کی جنگ امریکا کی شکست پر منتج ہوئی تھی اور واٹرگیٹ اسکینڈل جنم لے رہا تھا۔ اس وقت لوگ مسکرانے کے لیے ترس رہے تھے۔ ایسے وقت میں Pet Rocks نے ان کے لبوں پر مسکراہٹ بکھیرنے کا سامان کیا۔

گیری پتھروں کی فروخت 1975ء میں کرسمس کے موقع پر شروع کی تھی۔ اس انوکھی پروڈکٹ کا ذرائع ابلاغ میں بے پناہ چرچا ہوا۔ نتیجتاً چند ہی ماہ میں گیری نے ڈیڑھ لاکھ پتھر فروخت کرڈالے۔ ایک پینی میں خریدا گیا پتھر اس نے چار ڈالر میں بیچا۔ یعنی ایک پیسے کی چیز چار روپے میں فروخت کی۔ 2011ء میں انٹرویو دیتے ہوئے گیری نے کہا تھا کہ اس زمانے میں لوگ ' پالتو پتھر' خریدنے کے لیے ٹوٹے پڑ رہے تھے۔ چناں چہ اس کا کاروبار بھی اسی تیزی سے پھیلتا چلا گیا۔

گیری کی کمپنیPet Rocks آج بھی قائم ہے، مگر اب اس میدان میں اور بھی کھلاڑی اُتر چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں