ملکہ ترنم نورجہاں کے پوتے سکندررضوی بھی بالی ووڈ میں انٹری کے خواہش مند

اداکاری میرے ڈی این اے میں ہے کیونکہ میڈم نورجہاں سے لے کر پورے خاندان میں فنکارانہ خوبیاں موجود ہے، سکندررضوی


ویب ڈیسک July 29, 2015
’دیکھ مگر پیار سے‘ سکندررضوی کی پہلی فلم ہے جو 14 اگست کو ریلیز ہورہی ہے۔ فوٹو: فائل

ملکہ ترنم نور جہاں کے پوتے سکندر رضوی کا کہنا ہے کہ اگر انہیں مستقبل میں اچھی پیشکش ہوئی تو وہ بالی وڈ میں ضرور کام کریں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو اںٹرویو میں سکندررضوی نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اداکاری ان کے ڈی این اے میں ہے کیونکہ ان کی دادی میڈم نورجہاں اوردادا شوکت حسین رضوی سے لے کر پورے خاندان میں فنکارانہ خوبیاں موجود ہے۔ ان کی بہن سونیا جہاں بالی ووڈ کی 3 فلموں میں کام کرچکی ہیں، ایک فنکار گھرانے سے تعلق رکھنے کو وہ خوش نصیبی سمجھتے ہیں لیکن اس کی وجہ سے وہ کسی دباؤ کا شکارنہیں کیونکہ دباؤ اس وقت ہوتا ہے جب لوگ آپ کا موازنہ کرتے ہیں۔ ملکہ ترنم نورجہاں ایک لیجنڈ ہیں اوران کے ساتھ موازنہ کیا ہی نہیں جاسکتا۔

سکندررضوی کا کہنا تھا کہ ان کی فلم ''دیکھ مگرپیارسے'' ایک ہلکی پھلکی فلم ہے جسے آپ اپنے بچوں سے لے کردادا دادی تک کے ساتھ بیٹھ کے دیکھ سکتے ہیں۔ اس فلم میں ان کے مقابل حمائمہ ملک کردار ادا کررہی ہیں، آج کل پاکستانی اداکار بھارت میں بہت مقبول ہو رہے ہیں۔ خود حمیمہ ملک بالی ووڈ میں کام کرچکی ہیں۔ اس لئے اگر مستقبل میں انھیں پیشکش ہوئی تو وہ بھی بالی وڈ میں ضرورکام کریں گے۔

واضح رہے کہ دیکھ مگرپیارے سے کے ٹریلر نے سوشل میڈیا پردھوم مچا ئی تھی جہاں صرف 3 روز میں 5 لاکھ سے زائد افراد نے اس فلم کا ٹریلر دیکھا تھا.

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔