جے یو آئی ف کا تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس نہ لینے کا فیصلہ

تحریک انصاف کی قیادت ہر معاملے پر یوٹرن لیتی ہے اس کے ارکان کس منہ سے اسمبلی میں آئے ہیں، امیر جے یو آئی (ف)


ویب ڈیسک July 29, 2015
حکومت تحریک انصاف کے معاملے پر مصلحت کی بجائے آئین اور قانون پر عمل کرے، مولانا فضل الرحمان، فوٹو: فائل

ISLAMABAD: جے یو آئی (ف) نے تحریک انصاف کو قومی اسمبلی سے ڈی سیٹ کرنے کے لیے اپنی تحریک واپس نہ لینے کا فیصلہ کرلیا جب کہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے سے آسمان نہیں گر پڑے گا۔

مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاالرحمان اور حافظ حمد اللہ نے شرکت کی، اجلاس میں پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس نہ لینے کا فیصلہ کیا گیا جس کی پارلیمانی لیڈرز نے بھی توثیق کردی جب کہ اس حوالے سے حکومتی درخواست کا باضابطہ جواب آج دیا جائے گا، اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ کسی صورت اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پوری اسمبلی کو جعلی کہا اس کے ارکان اسمبلی میں نہیں آئے اور 40 دن اسمبلی میں نہ آنے پر رکن ڈی سیٹ ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ارکان کی رکنیت آئینی طور پر ختم ہوچکی ہے اور ان کو ڈی سیٹ کرنے سے کوئی آسمان نہیں گر پڑے گا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت ہر معاملے پر یوٹرن لیتی ہے یہ لوگ کس منہ سے اسمبلی میں آئے ہیں، پی ٹی آئی سے لڑائی ذاتی نہیں بلکہ نظریاتی ہے اس کے استعفوں کی منظوری پر الیکشن کمیشن انتخابات کرادے گا اس لیے حکومت تحریک انصاف کے معاملے پر مصلحت کی بجائے آئین اور قانون پر عمل کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔