خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پولنگ کا دورانیہ 11 گھنٹے رکھا گیا ہے۔


ویب ڈیسک July 30, 2015
پاک فوج کے اہلکار پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر تعینات رہے۔ فوٹو: فائل

خیبرپختونخوا کے 14 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کے بعد گنتی کا عمل تقریباً مکمل ہوچکا ہے اور نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 7 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام 6 بجے تک جاری رہا، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ووٹنگ کا دورانیہ 11 گھنٹے رکھا گیا۔ بلدیاتی انتخابات کے لئے مجموعی طور پر 356 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جب کہ پشاورمیں 29، نوشہرہ میں 89، چارسدہ میں 45 اورمردان کے 42 ، صوابی کے 17، کوہاٹ کے 5، ہنگو کے 4 اور کرک میں 70 پولنگ اسٹیشنز پرری پولنگ کا عمل جاری رہا۔ اس کے علاوہ ڈیرہ غازی خان کے 8، ایبٹ آباد کے 7 اورمانسہرہ کے 6 پولنگ اسٹیشنزپر بھی ری پولنگ ہوئی۔

بلدیاتی انتخابات کی ری پولنگ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے، کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات رہے جب کہ پولنگ کی وجہ سے پشاور شہر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی جس کے تحت موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور اسلحے کی نمائش پر پابندی عائد ہے۔

ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے بھانہ ماڑی کے غلہ ماڑی کے مردانہ پولنگ اسٹیشن میں ووٹوں کی خریدو فروخت کی گئی اور پریزائڈنگ آفیسر کے دستخط شدہ اور مہر والے بیلٹ پیپرز پولنگ اسٹیشن سے باہر لائے گئے۔ پشاور کے علاقے تخت آباد میں جعلی ووٹ ڈالنے پر خاتون کو گرفتار کیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر میاں سعید کا کہنا تھا کہ گرفتار خاتون سے 45 جعلی ووٹ برآمد ہوئے۔ کرک میں بھی جعلی ووٹ ڈالنے پر خاتون سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ کوہاٹ میں بھی خاتون کو جعلی ووٹوں کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں 29 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور لڑائی جھگڑوں کے واقعات کے باعث الیکشن کمیشن نے صوبے کے 14 اضلاع میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں