سیاسی ماحول گرم رہا تو بھارتی ٹیم کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنا مشکل ہوگی شہریار خان

پاک بھارت سیریز کے لیے ایک یا 2 ماہ سے زیادہ انتظار نہیں کیا جاسکتا، چیرمین پی سی بی


ویب ڈیسک July 31, 2015
امید ہے کہ گرداس پور کے واقعے سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے، چیرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیرمین شہریار خان کا کہنا ہےکہ امید ہے گرداسپور واقعے کے بعد پاک بھارت کرکٹ روابط متاثر نہیں ہوں گے تاہم سیاسی ماحول گرم رہا تو بھارتی ٹیم کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنا مشکل ہوگی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیئے گئے انٹرویو میں شہر یار خان نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری انوراگ ٹھاکر کے بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں کارگل اور ممبئی کے واقعات کے سبب پاک بھارت کرکٹ کافی متاثر رہی اور اگر آنے والے دنوں میں سیاسی ماحول گرم رہا تو پھر بھارتی حکومت کی جانب سے بی سی سی آئی کو پاکستان سے کھیلنے کی اجازت ملنی مشکل ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا امید ہے کہ گرداس پور کے واقعے سے پاک بھارت کرکٹ تعلقات متاثر نہیں ہوں گے اور بات زیادہ نہیں بڑھے گی البتہ اس طرح کے واقعات سے حالات خراب ہو جاتے ہیں۔

چیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے اور انہوں نے اپنے بھارتی دورے میں بھارتی حکام سے یہی کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ جاری رہنی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں شہریارخان نے کہا کہ پاک بھارت سیریز کے لیے ایک یا 2 ماہ سے زیادہ انتظار نہیں کیا جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں