عام انتخابات2013 الیکشن کمیشن نے غفلت برتنے والے افسران کی فائلیں طلب کر لیں

جوڈیشل کمیشن نے جن شعبوں میں خامیوں کی نشاندہی کی انکاریکارڈمرتب کرنے کیلیے ایڈیشنل سیکریٹری فدامحمدکواحکامات جاری

رٹائرافسرغفلت کے مرتکب پائے گئے توان کیخلاف بھی کارروائی ہوگی،سیکریٹری الیکشن کمیشن بابریعقوب فتح محمدنے واضح کردیا فوٹو: فائل

سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے عام انتخابات میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور فرائض میں غفلت برتنے والے افسران کی فائلیں طلب کر لی ہیں۔سیکریٹری الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کے الیکشن کمیشن میں سزا وجزاکا عمل اب شروع ہوگا، کسی غیر ذمے دارافسر کی الیکشن کمیشن میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ میں جن شعبوں میں غفلت برتنے، رابطے کے فقدان اور الیکشن کے انعقاد میں انتہائی غیر ذمہ داری کی نشاندہی کی گئی ہے۔ سیکریٹری الیکشن کمیشن نے ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن فدا محمد کو پہلے ان تمام شعبوں کے اندر کا رکارڈ مرتب کرنے کے احکامات دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے جمعہ کو ایک اجلاس بھی ہوا ہے جس کے دوران سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ مذکورہ شعبوں میں گزشتہ عام انتخابات میں جو افسران تعینات تھے ان کا ریکارڈ مرتب کیاجائے۔


ذرائع کے مطابق جن شعبوں میں الیکشن کمیشن کی کارکردگی کوجوڈیشل کمیشن نے مایوس کن قرار دیا ان شعبوں کے حوالے سے دیکھا جائیگاکہ یہاں کون افسران ذمے دار تھے۔

انتخابات سے پہلے ان کی کیا ڈیمانڈ تھی، کیا کمیشن کی جانب سے ان کی ڈیمانڈکوپوراکیا گیا تھا۔ اس کے بعد ان افسران نے اپنے فرائض میں کس حد تک ذمے داری کا مظاہرہ کیا ان تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی اس جائزہ رپورٹ میں جو افسران الیکشن کمیشن سے رٹائرڈ ہو چکے ہیں اگر وہ بھی ذمے دار پائے گئے تو ان کیخلاف بھی کارروائی ہو گی۔
Load Next Story