صرف پنجاب پاکستان نہیں ملک کی ترقی کیلئے چاروں صوبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا شہباز شریف

ملک سے غربت، بے روز گاری اور ظلم و زیادتی کے خاتمے کیلئے ہر محاذ پر محنت کرنا ہوگی، شہباز شریف


ویب ڈیسک August 01, 2015
68 سال گزر جانے کے باجود قائد کا خواب ادھورا ہے، شہباز شریف۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے اگر صرف پنجاب ہی پاکستان نہیں جب تک چاروں صوبے مل کر پاکستان کو آگے نہیں بڑھائیں گے تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔

لاہور میں ایلیٹ فورس کے تیسرے دستے کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں بے انتھک محنت اور قربانیوں کے بعد 1947 میں پاکستان جیسا عظیم تحفہ ہمیں لے کر دیا، ہمارے برزگوں یہ خواب تھا کہ اس ملک میں ہم کسی کی غلامی نہیں کریں گے اور ہر طرف انصاف کا بول بالا ہو گا، ہر ایک کو اس کی محنت کا صلہ ملے گا، سب کو میرٹ کی بنیاد پر ترقی کے مساوی مواقع ملیں گے اور اقوام عالم میں اس ملک کا ایک نام ہو گا لیکن 68 سال گزر جانے کے باجود قائد کا خواب ادھورا ہے اور قائد آج یہ دیکھ رہے ہیں کہ پاکستانیوں نے اس ملک کو کیا بنا دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست آنے والا ہے، ہر سال کی طرح ہم جھنڈے لہرائیں گے، بیجز لگائیں گے، تقاریب ہوں گی اور پھر اگلے روز ہم سب کچھ بھول جائیں گے، گزشتہ 68 سال تک یہ کھیل جاری ہے لیکن اب یہ نہیں ہو گا، اگر ہم نے اس ملک کو گرداب سے نکالنا ہے، غربت اور بے روز گاری کا خاتمہ کرنا ہے، نا انصافی اور ظلم و زیادتی ختم کرنی ہے اور پاکستان کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنا کر اقوام عالم میں عزت کا مقام دلوانا ہے تو پھر ہمیں ہر محاذ پر محنت کرنا ہو گی اور قربانی دینا ہو گی، اگر اب بھی ہم پیچھے رہ گئے تو پھر قیامت تک ہم دھکے کھاتے رہیں گے اور بھکاری بنے رہیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ فورسز دہشت گردی کے خلاف بہادری سے مقابلہ کر رہی ہیں اور آپریشن ضرب عضب میں ہمارے فوجی جوانوں نے دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے، پنجاب میں سپاہی سے لے کر ٹیچر تک بھرتیاں میرٹ پر ہوتی ہیں لیکن صرف پنجاب پاکستان نہیں ہے، جب تک چاروں صوبے مل کر پاکستان کو آگے نہیں بڑھائیں گے تو پاکستان ترقی نہیں کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ جہاں قومی ضروریات ہوں اور وطن کی مٹی پکار پکار کر قربانی کا تقاضہ کرتی ہے تو وہاں پر وسائل کی کمی کوئی کمی نہیں ہوتی، بس شرط یہ ہے کہ آپ کے اندر ایک جذبہ ہو، ایک نظریہ ہو، دور اندیشی ہو۔ اگر یہ تمام چیزیں مل جائیں تو مٹی بھی سونا بن جاتی ہے اور جن لوگوں کے پاس سونا ہو لیکن نیک نیتی اور نظریہ نہ ہو تو ان کا سونا بھی مٹی بن جاتا ہے۔ مجھے امید ہے کہ یہ جو فورس معرض وجود میں آئی ہے یہ صحیح معنوں میں قائد کے خواب کو پورا کرے گی اور اس ملک سے دہشت گردی کو ہمیشہ کے لئے دفن کرنے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرے گی، اگر ہم صحیح معنوں میں پاکستانی بن جائیں تو پھر ہمیں کسی چیز کی کمی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں