حکومت کا الطاف حسین کے خلاف برطانیہ میں قانونی چارہ جوئی کا اعلان

ایم کیو ایم کے قائد نے اپنی تقریر میں اصول، اخلاق اور قانون کی تمام حدیں پار کردیں، چوہدری نثارعلی خان


ویب ڈیسک August 02, 2015
رینجرز اور پاک فوج کو ایم کیو ایم سے کوئی اختلاف نہیں، چوہدری نثار فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے الطاف حسین کے خلاف برطانوی حکومت اور میٹرو پولیٹن پولیس کو قانونی ریفرنس بھیجنے کا اعلان کردیا۔

https://img.express.pk/media/images/q6/q6.webp

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ گزشتہ روز ایم کیو ایم کے قائد نے اپنی تقریر میں اصول، اخلاق اور قانون کی تمام حدیں پار کردیں، الطاف حسین کی تقریر کا مقصد اداروں اور ریاست کو تضحیک کا نشانہ بنانا تھا، ملک کی مسلح فوج پرطنزیہ نظمیں پڑھی گئیں اور ان پر بدترین الزامات لگائے گئے، دشمن ملک کو کارروائی کے لئے اکسایا گیا، ان کی جانب سے استعمال کی گئی زبان کسی محب وطن کی نہیں، یہ زبان تو مجموعی طور پر ایم کیو ایم کی بھی نہیں، ایم کیو ایم کے کارکنوں اور رہنماؤں کے دل پاکستان کی محبت سے سرشار ہیں۔ وہ نہیں سمجھتے کہ کوئی اردو بولنے والا یا ایم کیو ایم کا کوئی رہنما اس قسم کے بیانات کے قریب بھی جاسکتا ہے، ایسی زبان اردو بولنے والوں یا ایم کیو ایم کی نہیں بلکہ دشمنوں کی ہے۔ برطانیہ کو الطاف حسین کے بیانات کا ریکارڈ بھیج چکے ہیں لیکن اب الطاف حسین کی نفرت انگیز تقریروں کا معاملہ قانونی انداز میں برطانیہ کے سامنے رکھا جائے گا اور اس کے لئے کام شروع کردیا گیا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q12/q12.webp

https://img.express.pk/media/images/ch-nisar/ch-nisar.webp

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف مقدمات عام شہریوں نے دائر کئے ہیں اور ان مقدمات سے انہیں کوئی خطرہ نہیں۔ الطاف حسین کو اصل خطرہ ان 2 مقدمات سے ہے جو برطانیہ میں چل رہے ہیں، دونوں مقدمات میں ان کے گرد گھیرا تنگ ہورہا ہے جس کا غصہ وہ پاکستان پر نکال رہے ہیں۔ الطاف حسین جو مرضی کہیں، پاکستان ان دونوں مقدمات میں حکومت برطانیہ کے ساتھ قانونی تعاون جاری رکھے گا کیونکہ ایک مہذب ملک کی حیثیت سے یہ ہماری قانونی ذمہ داری ہے، منی لانڈرنگ بہت سنگین جرم ہے، اس کے ساتھ ساتھ عمران فاروق ایک پاکستانی تھے جنہیں لندن کی سڑک پر دن دیہاڑے کے وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا، اس لئے حکومت کو جو بھی شواہد ملیں گے ان سے برطانیہ کو آگاہ کیا جائے گا۔

https://img.express.pk/media/images/q22/q22.webp

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگست 2013 میں فاروق ستار نے اسلام آباد میں کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ کچھ روز بعد انہوں نے وزیراعظم سے مشاورت کے بعد کراچی میں آپریشن کرنے کا اعلان کرتے ہوئے فوج کو اس میں شامل کرنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ فوج کو ملک کی گلی کوچوں میں ایکسپوز نہیں کیا جاتا، حکومت نے سیاست کو ایک طرف رکھ کر کراچی میں بلاامتیاز کارروائی کی۔ کراچی میں مکمل طور پر امن واپس نہیں آیا لیکن آج شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہت بہتری آئی ہے اور اسے ہر ایک شخص تسلیم کرتا ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q32/q32.webp

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ کراچی میں آپریشن کے دوران ایم کیو ایم کے لوگ ہی گرفتار نہیں ہوئے لیکن اس پر ایم کیوایم کے علاوہ کسی جماعت نے اعتراض نہیں کیا، سنی تحریک، شباب ملی، اے این پی اور پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما بھی گرفتار ہوئے لیکن ان میں کسی نے بھی باضابطہ احتجاج نہیں کیا، ایم کیو ایم کا ہمیشہ سے ہی موقف رہا ہے کہ اس آپریشن میں انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے۔ ایم کیو ایم کے کہے بغیر حکومت نے کئی معاملات کو حل کیا۔ جولائی کے مہینے میں رینجرز کے خصوصی اقدامات کے بعد کراچی کے حالات میں ڈرامائی تبدیلی آئی ہے اور شہر میں ٹارگٹ کلنگ 50 فیصد، بھتہ خوری میں 87 ، اغوا برائے تاوان میں 100 فیصد کمی آئی، مہینے بھر میں صرف ایک بینک ڈکیتی ہوئی، رینجرز اور پاک فوج کو ایم کیو ایم سے کوئی اختلاف نہیں ہے۔

https://img.express.pk/media/images/q42/q42.webp

https://img.express.pk/media/images/farooq-sattar/farooq-sattar.webp

دوسری جانب رابطہ کمیٹی کے ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے دوران بھارت سے کسی بھی قسم کی مدد اور مداخلت کی بات نہیں کی اور ان کی تقریر آئین سے متصادم بھی نہیں جب کہ وہ مہاجروں کے حقوق کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کو الگ نہیں کیا جاسکتا، لندن میں کیس 5 سال سے چل رہا ہے تو کیا الطاف حسین ایسی باتیں 5 سال سے کر رہے ہیں۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کراچی میں جاری آپریشن کا رخ ایم کیو ایم کی جانب موڑ دیا گیا ہے، ہماری کہیں شنوائی نہیں ہورہی ہم جائیں توکہاں جائیں؟ انصاف نہیں ملے تو بتائیں ہم کیا کریں، ہمیں بتایا جائے کہ غیرجانبدارانہ تحقیقات کون کرائے گا؟ حکومت خود فیصلہ کرے کہ کس سے تحقیقات کرائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا وجود اور مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا گیا جب کہ ہمارے 40 کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی اور150 جبری طور پر لاپتہ ہیں۔

https://img.express.pk/media/images/q51/q51.webp

https://img.express.pk/media/images/shahbaz/shahbaz.webp

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ایم کیو ایم کے قائد کے وطن عزیز اور پاک فوج سے متعلق بیان پراپنے درعمل میں کہا ہے کہ الطاف حسین کے بیان سے ثابت ہوگیا کہ وہ دشمن کے لئے کام کررہے ہیں،الطاف حسین کے واویلے نے ثابت کردیا کہ کراچی میں رینجرزنے جرائم پیشہ افراد کے خلاف درست اقدام اٹھایا ہے، قوم بھارت کو پکارنے والے نام نہاد لیڈر کے عبرتناک انجام کی منتظرہے، الطاف حسین نے اپنے بیان سے 20 کروڑعوام کے دلوں کو زخمی کیا ہے، عوام انھیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وطن عزیزاورپاک فوج کے خلاف بیان سے ثابت ہو گیا کہ الطاف حسین دشمن کے لئے کام کر رہے ہیں، ملک اور فوج کے خلاف برزہ سرائی سے الطاف حسین کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں