سیالکوٹ بھارتی گولہ باری سے3 شہری شہید 22زخمی پاکستان کا شدید احتجاج

آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ سے متاثر ہونے والے گھروں کی تصاویر جاری کردی


ویب ڈیسک August 04, 2015
بھارتی فوج نے سخیال گاؤں میں بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،دفترخارجہ۔ فوٹو:فائل

KARACHI: بھارت کی جانب سے سیالکوٹ کے قریب ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ سے3شہری شہید اور 22زخمی ہو گئے۔





نمائندہ ایکسپریس کے مطابق بھارتی سیکیورٹی فورسز نے منگل کوعلی الصباح بجوات سیکٹر کے سرحدی دیہات لونی، کھیری، دیورہ، جینگلوڑہ، گڑیال، کوٹلی،سکھیال،کاہلیاں، سیونٹی کے رہائشیوں کو اندھادھند فائرنگ اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ گولے لگنے سے کئی مکان زمین بوس ہو گئے جب کہ موضع کچی ماند کا 22سالہ عدنان، موضع سکھیال کا 14سالہ طالبعلم آصف اور بجوات کا 9 سالہ فیصل گولے لگنے سے شہید ہو گئے۔





بھارتی فائرنگ سے 18سے زائد شہری شدید زخمی بھی ہوئے جنھیں سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ فائرنگ سے درجنوں مویشی بھی زخمی ہو گئے۔ پنجاب رینجرز کی بھرپور جوابی کارروائی پر دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں۔ بعدازاں بھارت نے چپراڑ سیکٹر پر بھی گولہ باری اور فائرنگ کی۔ بھارتی گولہ باری اور فائرنگ کے بعد سرحدی دیہات کے مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل نے بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونیوالے افراد کی سی ایم ایچ میں عیادت کی۔ انہوں نے بتایا کہ ورکنگ بائونڈری پر کشیدہ صورتحال کے پیش نظر یونین کونسل کالیاں میں ریلیف کیمپ قائم کر دیا گیا ہے جہاں نقل مکانی کرنیوالوں کو کھانے اور ابتدائی طبی امداد کی سہولتیں مہیا کی جا رہی ہیں۔



آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ہندوستانی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے ورکنگ بائونڈریپر بھارتی فوج کی گولہ باری اور فائرنگ کی تصاویر بھی جاری کی ہیں جن میں بھارتی گولہ باری سے ہونیوالی تباہی کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق ان تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح بھارتی فوج معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔



دریں اثنا پاکستان نے بھارت کی جانب سے ورکنگ بائونڈری پر بلااشتعال فائرنگ اور اس کے نتیجے میں3 شہریوں کی شہادت پر بھارتی حکومت سے شدید احتجاج کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان شہید ہونیوالے افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی فوج کی جانب سے سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیوں اور لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر عام شہریوںکو نشانہ بنانے کے سلسلے پر اپنے غم وغصے کو بھارت تک پہنچایا ہے۔ ہم بھارت سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سیزفائر کی خلاف ورزیوںکا سلسلہ فوری بند کرے اور2003ء میں ہونیوالے سیزفائر معاہدے کا احترام کرے تاکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر امن اور سکون برقرار رکھا جا سکے۔ دوسری جانب بھارت کی جانب سے بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ منگل کو جموں سیکٹر پر کناچک اور پرگوال کے علاقوں میں پاکستان رینجرز کی جانب سے چھوٹے ہتھیاروں اور مارٹر بموں کا استعمال کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر کے انسپکٹر جنرل پولیس دنیش رانا نے اے ایف پی کو بتایا کہ شیلنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہو گیا۔



دوسری جانب پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن کے لئے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے تاہم پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔





کور کمانڈر اجلاس کے دوران آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنزمیں پیشرفت پر اطمینان کا اظہارکیا۔ کانفرنس میں ملک کی اندرونی اور بیرونی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کی گئی کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے لائن آف کنٹرول پر پاک فوج کی مستعدی کو سراہا۔





کورکمانڈر کانفرنس کے دوران آرمی چیف نے ملک میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکومت اور طالبان میں مذاکرات ناکام بنانے کی کوشش کرنے والےامن کےدشمن ہیں،افغانستان میں امن کےلیے مذاکرات ہی بہترین راستہ ہے تاہم ہم ہر قسم کے خطرے اور جارحیت سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔



 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔