اسمبلی میں خیرات کی سیٹوں پر نہیں جانا چاہتے ہمارے استعفے منظور کیے جائیں عمران خان

(ن) لیگ دوغلی پالیسی اختیار کررہی ہے کیونکہ فضل الرحمان کو منانا ایک وزارت کی مار ہے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 04, 2015
حکومت ہمیں ڈی سیٹ کرکے الیکشن کرائے ہم پہلے سے زیادہ مضبوط بن کر ابھریں گے، عمران خان، فوٹو:فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہم اسمبلی میں خیرات کی سیٹوں پر نہیں جانا چاہتے ہیں اس لیے ہمارے استعفے منظور کیے جائیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ سینئر قیادت کے اجلاس میں انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا فیصلہ ہوا ہے جب کہ پارٹی کا نیا آئین بن رہا ہے اور پہلے مرحلے میں رکنیت سازی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے بعد فوری پارٹی انتخابات ہوں گے جب کہ تسنیم نورانی پارٹی الیکشن کمیشن کے سربراہ ہوں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ دوغلی پالیسی اختیار کررہی ہے ایسا کیسے ہوسکتا ہے کہ فضل الرحمان نہیں مان رہے ان کو منانا تو ایک وزارت کی مار ہے اور ایم کیو ایم پر ''را'' کے الزامات لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اراکین کو اسمبلی میں جانے کی ضرورت نہیں، ہم کسی کی خیرات پر اسمبلی میں نہیں جانا چاہتے جب کہ میں حکومت کو چینلج کرتا ہوں کہ ہمیں ڈی سیٹ کرکے الیکشن کروائیں جائیں ہم پہلے سے زیادہ مضبوط بن کر ابھریں گے اور انتخابات میں الیکشن مہم خود چلاؤں گا۔

تحریک انصاف کے چیرمین نے کہا کہ پارٹی میں ہر کوئی عہدہ چاہتا ہے جب ہی قبضہ گروپ کا شور مچایا جاتا ہے جب کہ پارٹی میں کوئی قبضہ گروپ نہیں اور پارٹی کا آئین مجھے اپنی ٹیم چننے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں پارٹی پالیسی پر تنقید کرنے والے رکن کی بنیادی رکنیت فوری معطل کردی جائے گی جب کہ پی ٹی آئی جمہوری پارٹی ہے اور ارکان کو پارٹی پلیٹ فارم پر رائے دینے کی آزادی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔