ایم سی بی نے شیئر ہولڈرز کیلیے عبوری منافع کااعلان کردیا

بینک کو 30 ستمبرکو ختم سہ ماہی میں 16.673 ارب روپے کا بعداز ٹیکس منافع

بینک کو 30 ستمبرکو ختم سہ ماہی میں 16.673 ارب روپے کا بعداز ٹیکس منافع. فوٹو : فائل

KARACHI:
ایم سی بی بینک نے 30 ستمبر 2012 کو ختم ہونے والی سہ ماہی پر اپنے حصص یافتگان کیلیے 3 روپے عبوری منافع دینے کا اعلان کردیا ہے۔

یہ فیصلہ ایم سی بی بینک کے چیئرمین میاں محمد منشا کی سربراہی میں بینک کے بورڈآف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، اس دوران 9 ماہ کے حسابات کی منظوری بھی دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نامساعد کاروباری حالات کے باوجود ایم سی بی بینک نے زیرتبصرہ مدت تک 25.459 ارب روپے مالیت کا قبل از ٹیکس جبکہ 16.673ارب روپے مالیت کا بعداز ٹیکس منافع حاصل کیا، اس طرح سے زیرتبصرہ مدت کے دوران بینک کے قبل ازٹیکس منافع میں5 فیصد اور بعد ازٹیکس 7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔


مالیاتی نتائج کے مطابق دسمبر 2011 کے بعد بینک کے اثاثوں کی بنیاد میں 108ارب روپے کا اضافہ ہوا اور 30 ستمبر 2012 تک ان اثاثوں کی مالیت 761.282 ارب روپے تک پہنچ گئی، اس عرصے کے دوران بینک میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت 98.6ارب روپے سے بڑھ کر 415.212ارب روپے کی سطح تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایڈوانسزکی مجموعی مالیت ایک فیصدکے اضافے سے 250.722 ارب روپے ہوگئی ہے، زیرتبصرہ سہ ماہی کے دوران بینک کوفی حصص 18.13 روپے کی آمدنی ہوئی، اثاثوں پر منافع کی شرح3.14 فیصد، ایکویٹی پر منافع 26.87 فیصد رہا۔

جبکہ فی حصص بک ویلیو بہتر ہو کر 94.07ہو گئی جبکہ ڈپازٹس کی مالیت 50.4ارب روپے بڑھ کر 541.613ارب روپے تک پہنچ گئی، بینک کے بچت کھاتوں میں 18 فیصد ،کرنٹ اکاؤنٹس میں 11فیصدافزائش ہوئی جبکہ اسکے برعکس ٹرم ڈپازٹس میں 9فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، اس دوران بینک کی سودی آمدنی کی مالیت 31.241 ارب اور غیرسودی آمدنی 14 فیصداضافے سے 6.935 ارب روپے رہی ہے، انتظامی اخراجات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت6فیصد کا کنٹرولڈ اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
Load Next Story