کراچی میں وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ

فائرنگ کرنے والا شخص اپنے حلیے سے اعلیٰ سرکاری اہلکار لگ رہا تھا، وسیم اکرم


ویب ڈیسک August 05, 2015
گولی وسیم اکرم کی گاڑی کے ٹائر پر لگی فوٹو: فائل

KHOST: کارساز روڈ پر قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈ آل راؤنڈر وسیم اکرم پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم وہ اس میں محفوظ رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وسیم اکرم کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں فاسٹ بالرز کی تربیت کے لئے لگائے گئے کیمپ میں شرکت کے لئے جارہے تھے کہ کارساز کے قریب وسیم اکرم کی گاڑی کو پیچھے سے آنے والی گاڑی نے ٹکر دے ماری، جب وہ گاڑی سے نیچے اترے تو پچھلی گاڑی میں سوار شخص نے فائرنگ کردی تاہم خوش قسمتی سے انہیں گولی نہیں لگی۔ وسیم اکرم کی جانب سے 15 مدد گار پولیس کو واقعے کی اطلاع دینے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے شواہد اور جائے وقوعہ کے قریب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرلی ہیں۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ انہیں کسی قسم کی کوئی دھمکی نہیں ملی تھی، ان پر فائرنگ کرنے والا شخص وضع قطع سے اعلیٰ سرکاری اہلکار لگ رہا تھا۔ گاڑی کا نمبرپولیس کودے دیاگیا ہے، امید ہے کہ فائرنگ کرنے والے کو گرفتارکرلیا جائے گا کیونکہ جو شخص ان پر فائرنگ کرسکتا ہے وہ عام لوگوں کے ساتھ کیسا برتاؤ کرتا ہوگا۔

دوسری جانب پولیس نے وسیم اکرم کی گاڑی پر فائرنگ کرنے والی کار کے مالک عزیر کے گھر ڈیفنس میں چھاپہ مار کر گاڑی بر آمد کرلی تاہم پولیس کی تفتیش نے ایک نیا رخ لے لیا ہے۔ پولیس کے مطابق گاڑی کی حالت سے لگتا ہے کہ 15 دن سے استعمال ہی نہیں ہوئی جب کہ کار کا مالک بھی 3 سال سے بیرون ملک منتقل ہوچکا ہے تاہم گھر بھی کرائے پر دیا ہوا ہے جس کے بعد واقعے میں جعلی نمبر پلیٹ استعمال ہونے کا خدشہ ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں