امیتابھ سلمان اور اکشے کمار رواں سال سب سے زیادہ کمائی کرنیوالے ٹاپ ٹین اداکاروں میں شامل

فوربز میگزین میں رواں برس دنیا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے اداکاروں کی فہرست جاری کردی

شاہ رخ خان 28 ملین اثاثوں کے ساتھ فہرست میں 18 ویں نمبر پر جب کہ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور 15 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ 30 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں، فوٹو:فائل

GILGIT:
فوربز میگزین نے شوبز کی دنیا میں سال 2015 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والوں کی فہرست جاری کی ہے جس میں ٹاپ ٹین کی لسٹ میں 3 بالی ووڈ اداکار بھی شامل ہیں۔

فوبز میگزین نے شوبز کی دنیا میں سال 2015 میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والے 34 اداکاروں کی فہرست جاری کی ہے جس میں 5 بالی ووڈ ادکار بھی شامل ہیں جب کہ بالی ووڈ کے 3 اداکار ٹاپ ٹین کی لائن میں موجود ہیں۔ فہرست کے مطابق ہالی ووڈ کے اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر 80 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ سرفہرست ہیں اس کے علاوہ ایکشن ہیرو اور معروف چینی اداکار جیکی چن 50 ملین ڈالر کے ساتھ دوسرے جب کہ ہالی ووڈ اداکار ون ڈیزل 47 ملین ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔


بالی ووڈ میں رواں سال خوب کمائی کرنے والے 3 میگا اسٹار امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار بھی ٹاپ ٹین لسٹ میں شامل ہیں اور فہرست کے مطابق امیتابھ بچن اور سلمان خان 33.5 ملین ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ 7 ویں پوزیشن پر براجمان ہیں جب کہ بالی ووڈ کے خطروں کے کھلاڑی اکشے کمار 32.5 ملین ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان 28 ملین کما سکے اور وہ فہرست میں 18 ویں نمبر پر ہیں جب کہ چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور 15 ملین ڈالر کی کمائی کے ساتھ 30 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ فوربز میگزین نے گزشتہ دنوں سب سے زیادہ کمانے والی 100 شخصیات کی فہرست بھی جاری کی تھی جس میں بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن، سلمان خان اور اکشے کمار شامل تھے۔
Load Next Story