آسٹریلوی عدالت نے کرکٹر فالکنر پرجرمانے کیساتھ 2 سال تک ڈرائیونگ پر پابندی لگادی

سزا کے طور پر فالکنرکو الکوحل مینجمنٹ کلاسز بھی لینا پڑیں گی


آسٹریلیوی آل راؤنڈر جیمز فالکنر انگلینڈ اور آئر لینڈ کے خلاف ایک روزہ میچز میں اپنی ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہوگئے، فوٹو فائل

QUETTA: کرکٹ ورلڈکپ 2015 میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر جیمز فالکنر پر نشے کی حالت میں گاڑی چلانے اور دوسری کار کو ٹکر مارنے کے جرم میں 15 ہزارڈالر سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا گیا ہے جب کہ ان پر 2 سال تک ڈرائیونگ کرنے پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔

لندن کی عدالت نے مانچسٹر میں کار ایکسیڈنٹ کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے آسٹریلوی کرکٹر جیمز فالکنر پر 15 ہزار 650 ڈالر کا جرمانہ عائد کیا اور ان پر 2 سال تک ڈرائیونگ کرنے کی پابندی بھی لگادی ہے جب کہ سزا کے طور پر انہیں الکوحل مینجمنٹ کلاسز بھی لینا پڑیں گی۔ جیمز فالکنر ان دنوں انگلینڈ میں لنکا شائر کاؤنٹی کی جانب سے میچز کھیلنے میں مصروف ہیں جب کہ فیصلے کے وقت عدالت میں کاؤنٹی کوچ ایشلے جائلز بھی موجود تھے۔ فیصلے کے بعد جیمز فالکنر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایکسیڈنٹ والے دن نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرنا ان کا اپنا فیصلہ تھا اور وہ اس پر شرمندہ ہیں اور معافی مانگتے ہیں۔

عدالتی فیصلے سے قبل ہی آسٹریلوی بورڈ نے جیمز فالکنر پر ایک نمائندے کے طور پر غلط رویہ اختیار کرنے پرعارضی طور پر پابندی لگا رکھی ہے جس کے باعث وہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے خلاف اپنی ٹیم کی نمائندگی سے محروم ہوجائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں