چیمپئنز ٹرافی ٹکٹوں کی فروخت 5 نومبر سے شروع ہوگی

تینوں فارمیٹس کو یکساں اہم سمجھتے ہیں، لانچنگ تقریب سے ڈیوڈ رچرڈسن کا خطاب

لندن: انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک کا تقریب رونمائی میں چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ پوز۔ فوٹو : اے ایف پی

آئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی لانچنگ تقریب گذشتہ روز لندن میں منعقد ہوئی،ایونٹ کا افتتاحی میچ 6 جون کوکارڈف میں جنوبی افریقہ اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔


فائنل 23 جون کو ایجبسٹن میں شیڈول ہے، ٹکٹوں کی فروخت 5 نومبر سے شروع ہوگی، 16 برس سے کم عمر افراد کیلیے ٹکٹوں کی شرح قیمت 5 پائونڈ ہے،21 سال سے کم عمر افراد کیلیے قیمت10 سے 25 پائونڈ کے درمیان ہوگی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کونسل کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ فیوچر ٹورپروگرام میں شامل نہیں کیونکہ2017 سے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ منعقد کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ ہم کھیل کے تینوں فارمیٹس کو یکساں اہم سمجھتے ہیں،ورلڈ کپ کی صورت میں ون ڈے کرکٹ کا عالمی میلہ منعقد کیا جاتا رہے گا۔

اس موقع پر انگلش کپتان الیسٹرکک نے کہا کہ یہ میرے لیے آئی سی سی کا پہلا گلوبل ایونٹ ہوگا، بطور ٹیم بھی چیمپئنز ٹرافی انتہائی اہمیت کا حامل ہوگی، واضح طور پر کنڈیشنز ہمارے لیے موزوں ہیں، ہم خاص کارکردگی پیش کرکے ٹرافی اپنے نام کرنا چاہیںگے۔
Load Next Story