سری لنکا لیگ میچ فکسنگ کی اطلاعات سے آئی سی سی پہلے ہی باخبر تھی رپورٹ

ہم اسے فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن آفیسر کے علم میں لائے جو ایونٹ کیلیے سری لنکا میں موجود تھا، اے آر ایم عروس


Sports Desk October 18, 2012
ہم اسے فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن آفیسر کے علم میں لائے جو ایونٹ کیلیے سری لنکا میں موجود تھا، اے آر ایم عروس فوٹو: فائل

FAISALABAD: سری لنکا پریمیئر لیگ میں میچ فکسنگ کی اطلاعات سے آئی سی سی کے پہلے ہی باخبر ہونے کا انکشاف ہوا ہے اس کے باوجود کیس کے حوالے سے کچھ نہ کیا گیا اور بھارتی ٹی وی اسے منظرعام پر لایا۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کرکٹ کی امپائرز کمیٹی کے چیئرمین اے آر ایم عروس نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ انٹرنیشنل پینل میں شامل ٹائیرون وجے وردنے کو سری لنکن پریمیئر لیگ کے پہلے سیمی فائنل سے قبل صبح کے وقت بھارت سے ایک پارٹی کی مشکوک فون کال موصول ہوئی، ویامبا یونائیٹڈ اور یووا نیکسٹ کے درمیان مقابلہ انہی کو سپروائز کرنا تھا،انھوں نے فون نمبر دینے کے ساتھ اس معاملے سے مجھ سمیت امپائرز منیجر کارلٹن برنارڈس کو فوری طور پر آگاہ کر دیا۔

ہم اسے فوری طور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن آفیسر کے علم میں لائے جو ایونٹ کیلیے سری لنکا میں موجود تھا، وجے وردنے نے ہمیں بتایا کہ بھارتی پارٹی کو ان کا فون نمبر بنگلہ دیشی ذرائع سے ملا تھا۔ یہ بھی قیاس ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سری لنکن امپائر کو موصول ہونے والی فون کال بھارتی ٹی وی کے خفیہ رپورٹرکی تھی، جیسے ہی ان سے میچ فکسنگ کی بات شروع ہوئی انھوں نے فوراً کال منقطع کر دی، اس مقابلے میں کئی سٹے باز گروہ سرگرم تھے۔

یاد رہے 28 اگست کو کھیلے گئے مذکورہ میچ میں یووا نے فیورٹ ویامبا کو شکست دی تھی، فاتح سائیڈ نے بعد میں چیمپئن کا اعزاز بھی پایا، ناکام ٹیم اس میچ سے قبل پہلے رائونڈ کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آگے تھی،172 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ویامبا کو اس وقت بڑا نقصان اٹھانا پڑا جب تیسرے ہی اوور میں کپتان مہیلا جے وردنے صرف ایک رن پر وکٹ گنوا بیٹھے،اس لمحے نے پورے ایونٹ کا نقشہ تبدیل کر دیا، ری پلیز سے واضح ہوا کہ جیکب اورم کی گیند بیٹسمین کے پیڈز پر خاصی اوپر لگی تھی، دلچسپ بات یہ ہے کہ جے وردنے کو متنازع ایل بی ڈبلیو قرار دینے والے امپائر وجے وردنے ہی تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں