افغانستان کے دارالحکومت کابل میں دھماکا 8 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی

کابل کے مرکز شاہ شہید کے علاقے میں بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا،غیرملکی خبررساں ایجنسی

شاہ شہید کے علاقے میں بارود سے بھرے ٹرک کا نشانہ قریبی فوجی اڈا تھا، غیر ملکی خبرایجنسی فوٹو:اے ایف پی

افغانستان کے دارالحکومت کے مرکز میں بارود سے بھرا ٹرک دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق علی الصبح بارود سے بھرا ایک ٹرک شاہ شہید علاقے میں پہنچا جہاں اس کا نشانہ قریبی فوجی اڈا تھا لیکن وہ آبادی میں پھٹ گیا جس سے عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا اور دھماکے کے بعد جگہ جگہ گھروں کا ملبہ بکھر گیا۔ کابل پولیس کے ترجمان عباداللہ کریمی نے خبررساں ادارے کو بتایا کہ واقعے میں 8 افراد ہلاک اور200 سے زائد زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت انتہائی تشویشناک ہے۔


کابل پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ہلاک و زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچوں سمیت وہ مزدور بھی شامل ہیں جو قریبی کارخانے میں کام کررہے تھے، دھماکے کے بعد شاہ شہید کے پاس واقع فوجی اڈے کو حفاظتی حصار میں لے لیا گیا۔

اس سے قبل شورش ذدہ صوبے لوگر میں بم دھماکے اور پولیس پر حملوں میں طالبان نے 9 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔
Load Next Story