امیربھارتی بورڈ سے100کروڑ روپے ’’بھتے‘‘کی طلبی

آفیشل کو دھمکی آمیز فون کرنے پر پولیس نے2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا


Sports Desk August 08, 2015
آفیشل کو دھمکی آمیز فون کرنے پر پولیس نے2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ فوٹو: فائل

امیرکبیر بھارتی کرکٹ بورڈ کو بھی بھتے کی فون کالز ملنا شروع ہوگئیں، ایک عہدیدار سے 100 کروڑ روپے طلب کرتے ہوئے عدم ادائیگی پر خوفناک نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، مقامی پولیس نے اس کیس میں انڈر ورلڈگروپ سے تعلق رکھنے والے 2 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق زیرزمین مافیا نے بھارتی بورڈ کو بھی نہیں چھوڑا ، ایک عہدیدار کو فون پر دھمکیاں دیتے ہوئے 100 کروڑ روپے طلب کرلیے گئے، معاملے کی حساسیت کے پیش نظر سیکیورٹی حکام نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مذکورہ آفیشل کو دھمکیاں دینے کے شبے میں 2 افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔

دہلی پولیس کے اسپیشل سیل میں موجود ان دونوں افراد کو حکام نے فون نمبرز اور ای میل کی مدد سے تلاش کیا، انھوں نے حکام کو بتایاکہ ان کا تعلق ایک بڑے انڈر ورلڈ ڈان سے رہا ہے، بھارتی بورڈ آفیشل کو بھتے کے لیے فون کالز علی الصبح موصول ہوتی رہیں، جسکے بعد آندھرا پردیش میں مقیم اس آفیشل کی سیکیورٹی بڑھادی گئی تھی، پولیس کے مطابق گرفتار کیے جانے والے دونوں افراد سے ابھی تفتیش جاری ہے۔

انھوں نے سینئر کرکٹ ایڈمنسٹریٹر کو دھمکیاں دینے کیلیے مختلف سم کارڈز استعمال کیے، مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں انھیں خوفناک نتائج بھگتنے کیلیے تیار رہنے کا بھی کہاگیا تھا، ذرائع کے مطابق بھارت کی مودی حکومت اس وقت انڈرورلڈ گروپس پر دباؤ بڑھا کر انکی سرگرمیوں کو محدود رکھنا چاہتی ہے، حالیہ دنوں میں انفورسٹمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بھی ملک سے سرمایہ باہر منتقل کیے جانے کے تمام ممکنہ راستوں پر نظر رکھنا شروع کردی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔