کروڑوں روپے کی خرد برد کے الزام میں پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنما قاسم ضیاء گرفتار

قاسم ضیاء پر پی ایچ ایف کی صدارت کے دور میں بھی 70 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا الزام ہے


ویب ڈیسک August 08, 2015
نیب نے مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے قاسم ضیاء کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔ فوٹو: فائل

لاہور: نیب نے کروڑوں روپے کی مالی بے ضابطگیوں کے الزام میں پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنما اور پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر قاسم ضیاء کو گرفتار کر لیا ہے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق قاسم ضیاء نے بطور ڈائریکٹر علی عثمان سیکیورٹی لوگوں سے سرمایہ لگانے کے لئے 8 سے 10 کروڑ روپے لئے لیکن انھیں عوام کو شیئرز فراہم کئے گئے اور نہ ہی ان کی رقم انھیں واپس کی گئی، عوام کی جانب سے مسلسل شکایات پر لاہور اسٹاک ایکسچینج نے اس کی شکایت نیب کو کی جس پر نیب پنجاب نے کارروائی کرتے ہوئے قاسم ضیاء کو گرفتار کر لیا۔ نیب نے مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لئے قاسم ضیاء کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کر لیا ہے۔



اس کے علاوہ قاسم ضیاء کے دور صدارت میں پاکستان ہاکی فیڈریشن میں ڈیڑھ ارب روپے کے آڈٹ میں بھی تقریبا 70 کروڑ روپے کی مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا جس کے باعث حکومت نے فیڈریشن کی گرانٹ روک لی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی بے ضابگیوں کے الزام میں ایچ ایف کے سابق سیکرٹری آصف باجوہ کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔

واضح رہے کہ قاسم ضیاء 1980 سے 1987 تک قومی ہاکی ٹیم کا حصہ رہے اور 2008 سے 2013 تک پی ایچ ایف کے صدر بھی رہے۔ اس کے علاوہ قاسم ضیاء پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر ایم پی اے بھی رہ چکے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں