جوڈیشل کمیشن کے نکات پر الیکشن کمیشن نے مطمئن نہ کیا تو سڑکوں پر آنا مجبوری ہوگی عمران خان

غربت ختم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے جب کہ ووٹ کا تقدس بحال ہونے تک ملک کے مسائل حل نہیں ہوں گے، چیرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک August 08, 2015
چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا وہاڑی میں کسان کنوشن سے خطاب، فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کے 40 نکات کے جواب کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے اور الیکشن کمیشن نے مطمئن نہ کیا تو سڑکوں پر آنا مجبوری ہوگی۔

وہاڑی میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں جنگل کا قانون ہے، طاقتور طبقے نے سارے وسائل قبضہ کررکھے ہیں اور کمزور مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو اللہ نے بہت زرخیز بنایا اور کسان اپنے حقوق کے لیے آواز بلند نہیں کریں گے تو حکمرانوں کو ان کی فکر نہیں ہوگی جب کہ ہندوستان میں حکومتیں کسانوں سے ڈرتی ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ چین نے 20 سال میں 40 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا اور وہاں کی حکومت نے چھوٹے کسانوں کو سبسڈی دی جس سے غربت ختم ہوئی اور سب کو فائدہ ہوا، غربت ختم کرنا حکومت کی سب سے بڑی ذمہ داری ہوتی ہے آج سے 5 سال پہلے زمین سے کسانوں کو بہت کچھ ملتا تھا مگر اب مہنگائی کی وجہ سے کسانوں کے ہاتھ کچھ نہیں آتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ووٹ کا تقدس بحال ہونے تک ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہوگے جب کہ تحریک انصاف نے الیکشن کا نظام بہتر کرنے کے لیے 2 سال لگائے کیوں کہ الیکشن کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا تو عوام کے منتخب کردہ نمائندے ایوانوں تک نہیں پہنچ پائیں گے اور بلدیاتی نظام ٹھیک ہونے سے بھی کسانوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے 40 نکات کے جواب کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے اور الیکشن کمیشن نے مطمئن نہ کیا تو سڑکوں پر آنا مجبوری ہوگی۔

اس سے قبل تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے خطاب میں کہا کہ ہم آج کسانوں کا ساتھ دینے کا اعلان کرتے ہیں اور ہر ضلع میں کسان کنونشن کا انعقاد کیا جائے گا جب کہ کسان پنجاب کے ہر ضلع میں ڈی چوک بنا کر پر امن دھرنا دیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔