پاکستانی حکمران بھارت کی چوکھٹ پرسجدہ ریز ہیں منورحسن

علی گیلانی کا شکوہ بجا ہے کہ پاکستان کشمیر سے پیچھے ہٹ رہا ہے، امیر جماعت کا بیان

رحمن ملک کئی بارکہہ چکے ہیں کہ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کے واضح ثبوت ملے ہیں۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستانی حکمران امریکا کے بعد اب بھارت کی چوکھٹ پرسجدہ ریز ہیں۔


اپنے ایک بیان میں منورحسن نے کہا کہ بھارت سے دوستی اور تعلقات کو بہتر بنانے کیلیے قومی مفاد کو قربان اور کشمیر کے مسئلے کو پس پشت ڈال دیا گیا ہے، بھارت سے سبزیاں ، گوشت اور دیگر مصنوعات منگوانے کیلیے قومی معیشت کو اپنے ہاتھوں سے تباہ کیا جارہا ہے، وزیر پٹرولیم اب تیل بھی بھارت سے منگوانے کیلیے تیار بیٹھے ہیں ، بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے پاکستان کو کمزور اور تباہ کرنے کیلیے وہ ہر حربہ اور طریقہ استعمال کررہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک کئی بار ریکارڈ پر کہہ چکے ہیں کہ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت کے واضح ثبوت ملے ہیں ، تحریک حریت کشمیر کے رہنماسید علی گیلانی کا پاکستانی حکومت سے یہ شکوہ بجا ہے کہ پاکستان کشمیر سے پیچھے ہٹ رہا ہے، جس کی وجہ سے ان پر بھارتی مظالم بڑھ گئے ہیں، دینی مدارس میں قرآن کی تدریس بند کی جارہی ہے اور اسکولوں میں بندے ماترم کا ترانہ بجانے اور اس کی تعظیم کا حکم دیا جارہاہے ۔
Load Next Story