چٹخارے دار دسترخوان

دنیا بھر میں برصغیر ہندو پاک کے پکوان سب سے منفرد مانے جاتے ہیں


Shahida Rehana August 10, 2015
ذائقے دار اچار کی تیاری تیز دھوپ میں بہترین ہوتی ہے، فوٹو: فائل

دنیا بھر میں برصغیر ہندو پاک کے پکوان سب سے منفرد مانے جاتے ہیں۔ مختلف کھانوں میں شامل مسالے اور اچار چٹنیاں خاصے کی چیز ہیں۔

ذائقے دار اچار کی تیاری تیز دھوپ میں بہترین ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ بہت سے لوگ گرمیوں کے موسم میں سال بھر کے اچار تیار کر لیتے ہیں اور کیوں نہ کریں کہ ان سے سادے کھانوں کا مزہ جو دوبالا ہو جاتا ہے۔ جیسے دو پیالی پانی چولھے پر رکھیں، جب ابلنے لگے، تو اس میں حسب ضرورت کُٹی ہوئی رائی، کُٹی ہوئی لال مرچ اور نمک شامل کر دیں۔ اس کے بعد ایک چھوٹی پیاز کے چار ٹکڑے کر کے اس میں شامل کریں اور اتنا پکائیں کہ اس کا پانی کم رہ جائے۔ اس کے بعد ٹھنڈا کر کے ایک جار میں رکھ لیں۔ دال روٹی، چاول یا کسی بھی کھانے کے ساتھ استعمال کرتے وقت اس میں آدھا چائے کا چمچا سرکہ ڈال لیں، اسی طرح آپ شلجم، مولی، کھیرے، گاجر، مرچوں، لیموں کا اچار بنا سکتی ہیں اور سرکہ ڈال کر اسے محفوظ رکھ سکتی ہیں۔ فریج کے بغیر اسے محفوظ کرنے کے لیے کسی شیشے کے جار میں ڈالیں اور اس کا ڈھکنا سختی سے بند کر دیں اور دس روز تک روزانہ شام تک دھوپ میں رکھیں، اس دوران اس کا ڈھکنا نہ کھولیں۔

اسی طرح دیگر چٹنیاں بنانے کے لیے املی کو گرم پانی میں بھگو دیں، پھر اس کے بیج اور چھلکے علیحدہ کر کے اس کا گودا کسی جار میں محفوظ کر لیں اور فریج میں رکھ لیں۔ یہ کھانوںمیں آپ کی کھٹاس کی ضرورت پوری کرے گی اور چٹنیوں کو بھی جھٹ پٹ تیار کر دے گی۔

https://img.express.pk/media/images/Achar/Achar.webp

پسا ہوا امچور، پسی ہوئی رائی، پسی ہوا ثابت دھنیہ، زیرہ، پسی ہوئی کالی مرچ، کُٹی ہوئی لال مرچ اور حسب ضرورت نمک شامل کر کے ایک بوتل میں رکھ لیں اور جب چٹنی بنانی ہو اس سفوف کو املی کے گودے میں ملا لیں اور پیاز کے لچھے شامل کر لیں۔

اس کے بعد ادرک کو پیس لیں اور اس میں حسب ضرورت پسی ہوئی لال مرچ، نمک، املی کا گودا شامل کر کے چٹنی بنا لیں۔ اسی طرح سے انار دانے، ناریل اور تل کو پیس کر مزے دار چٹنیاں بنائی جا سکتی ہیں۔

گرمیوں میں پودینے، کیری اور ہری مرچ کی چٹنی خاصی پسند کی جاتی ہے۔ اس کے لیے لہسن اور ثابت لال مرچ کو پیس لیں اور اسے تیل یا گھی میں اس وقت تک پکائیں، جب تک اس کا پانی خشک نہ ہو جائے، تیار ہونے پر اس میں لیموں کا رس شامل کر کے محفوظ کر لیں۔ یہ فریج کے باہر عام درجہ حرارت میں بھی تازہ رہے گی۔ آپ اسے مکئی، جو، باجرے اور بیسن کے علاوہ گندم کی روٹی کے ساتھ کھا سکتی ہیں۔ یہ گرمیوں کی بے حد لذیذ اور غذائیت بخش خوراک ہے۔ اس کے ساتھ ساگ اور چھاچھ کا استعمال کریں تو یہ سونے پہ سہاگہ والی بات ہوگی۔

https://img.express.pk/media/images/Achar1/Achar1.webp

گرمیوں کے موسم میں جس طرح سال بھر کے لیے اچار بنائے جاتے ہیں، وہیں موسمی پھلوں کے بہترین مشروبات بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ کیری چھیل کر ابال لیں پھر اسے گرئینڈر میں ڈال کر جوس نکال لیں یا پھر ململ کے کپڑے پر رکھ کر کچلیں اور نچوڑ کر اس کا رس نکال لیں۔

فالسوں کو دھوکر تھوڑے پانی میں ابال لیں، پھر ٹھنڈا ہونے پر مسل کر گھٹلیاں نکال دیں اور گودے کو پیس لیں اور بچے ہوئے پانی میں ملاکے شیرے میں پکالیں یا ململ کے کپڑے میں گودا ڈال کر نچوڑ لیں۔

اسی طرح سے آپ آلوچے، آلو بخارے، انگور اور نرم پھلوں کا جوس نکال کر شیرے میں پکا کر رکھ لیں اور وقتاً فوقتاً استعمال کریں۔ یہ خالص اور صحت مند مشروب آپ کو گرمیوں کے موسم میں ہشاش بشاش رکھیں گے۔ آم، کیلے یا چیکو کا ملک شیک کا ایک گلاس ناشتے میں لینے سے آپ کافی دیر تک خود کو توانا محسوس کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں