بیرون ملک پاکستانیوں پرپابندی سمجھ سے بالاترہےالطاف حسین

پارلیمنٹ کے بعددیگرسرکاری اداروں میں دہری شہریت والوں پرپابندی کی کوشش ہورہی ہے


Express Desk October 18, 2012
کراچی میں ٹارگٹ کلرز اور بھتہ خوروں کو قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی حمایت حاصل ہے۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے پارلیمنٹ کے بعداب دیگرسرکاری اداروں میں بھی دہری شہریت کے حامل پاکستانیوں پرپابندی کااطلاق کرنے کی کوششوں پرسخت تشویش کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ اس طرح کی پابندی عائدکرکے پاکستان کوکاٹنے،پاکستان سے محبت کرنیوالوںکی دل آزاری کرنے اورپاکستان کومکمل طورپرکمزورکرنے کی خفیہ سازشیں کی جارہی ہیں۔

ایک بیان میں الطا ف حسین نے بعض سیاسی ومذہبی رہنماؤں کی جانب سے پڑھے لکھے ہونے کے باجود خود سر اور غیرمنطقی خیالات پرسخت تعجب کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ میں ایسے رہنماؤںکوانگلش کی ایک مشہورکہاوت سناتاہوں،یعنی ''آپ جوبوئیںگے وہی فصل کاٹیںگے''۔انھوں نے کہاکہ دہری شہریت کے معاملے پربعض سیاسی ومذہبی رہنماؤں نے اپنی تقاریراور بیانات میں جوتوہین آمیزالفاظ استعمال کیے ہیں اس نے سمندر پاررہنے والے لاکھوں پاکستانیوں کے دل پاش پاش کردیے ہیں۔

الطا ف حسین نے کہاکہ کل مجھے اطلاع ملی کہ اب مختلف اداروں میں یہ سفارشات لائی جارہی ہیںکہ وہا ں بھی دہری شہریت کاحامل فردبڑی ایگزیکٹوپوسٹ پربراجمان نہیں ہوسکتا،دریں اثنا ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں متحدہ کے قائد نے کہا کہ آج پاکستانی قوم کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ انھیں قائد اعظم والا پاکستان چاہیے نا کہ طالبان والا، انھوں نے کہا کہ فوج میں90 فیصد اچھے جبکہ10 فیصد طالبان کے حامی ہیں، الطاف حسین نے کہا کہ بلوچوں کا قتل عام بند ہونا چاہیے اسی طرح بلوچستان میں پنجابیوں اور دیگر لوگوں کا قتل بھی بند ہونا چاہیے انھوں نے بلوچ عوام کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور ملکر پاکستان کو بہتر بنائیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ کراچی میں لاشیں اس لیے گر رہی ہیں کیوں کہ ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوروں، اغوا برائے تاوان کی وارداتیں کرنے والوں کو پولیس سے لیکر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اسٹیبلشمنٹ کے بعض لوگوں کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں