’’فلموں میں ولین کو گنجا نہ دکھایا جائے‘‘

ڈارک اینٹکس نامی شخص نےاپنی ویڈیومیں ہالی ووڈ کی فلموں میں گنجوں کو ولین کے طور پر پیش کرنے کو ’ ظالمانہ‘ قرار دیا ہے


غ۔ع August 11, 2015
ہالی وڈ کی فلموں میں ولین کو عموماًگنجا دکھایا جاتا ہے فوٹو : فائل

ہندوستانی فلموں کے ولین یا منفی کردار عام طور پر مسلمان ہوتے ہیں، بالکل اسی طرح ہالی وڈ کی فلموں میں ولین کو عموماًگنجا دکھایا جاتا ہے۔ سپرمین کا ولین لیکس لوتھر ہو یا پھر ڈیرڈیول کا بُلز آئی، Se7en کا جاون ڈوئی ہو یا دی میٹرکس کا سائفر۔۔۔۔ گنجے ولینوں کی فہرست نہ ختم ہونے والی ہے ۔اس فہرست میں اسٹار وار کا ڈرتھ موئل، ی ڈارک نائٹ رائزز کا بین، اور ہیری پوٹر کا ولین وولڈیمورٹ بھی شامل ہیں۔ ولین کے برعکس ہیروز کے سَروں پر گھنے بال نظر آتے ہیں۔

متذکرہ بالا فلمیں صف اول کے اسٹوڈیوز کی پیش کش اور میگا بجٹ کی فلمیں ہیں۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری کے کرتا دھرتا گنج پن کو برائی اور خباثت کی علامت کے طور پر پیش کرتے آرہے ہیں۔ بڑے اسٹوڈیوز کی دیکھا دیکھی محدود بجٹ کی فلمیں بنانے والوں نے بھی یہی چلن اپنایا۔ ہالی وڈ اسٹوڈیوز کے رویے کی نقل دنیا کی دیگر فلمی صنعتوں میں بھی ہوئی، اور وہاں بھی ولینوں کو گنجا دکھانے کا رجحان عام ہوگیا۔ امریکا میں فلموں کے علاوہ ٹیلی ویژن کی ڈراما سیریز کے منفی کرداروں میں بھی کوئی نہ کوئی گنجا کردار ضرور شامل ہوتا ہے۔ ہالی وڈ میں شاذ ہی کوئی ایسی فلم بنی ہوگی جس میں ہیرو کو گنجا دکھایا گیا ہو۔

گنجوں کے خلاف ہالی وڈ کے ' ظالمانہ' اور ' بے رحمانہ' رویے پر پہلی بار ایک عام شخص نے آواز اٹھائی ہے۔ ڈارک اینٹکس کی عرفیت سے ایک شخص نے یوٹیوب پر اپ لوڈ کردہ ویڈیو میں ہالی وڈ کے فلم سازوں کو مخاطب کرتے ہوئے گنجوں کو ولین کے طور پر پیش کرنے کے عمل کو ' ظالمانہ' اور ' بے رحمانہ ' قرار دیا ہے۔ ڈارک اینٹکس خود بھی سر کے بالوں سے محروم ہے۔ اس کا کہنا ہے،'' چوں کہ میں گنجا ہوں، اس لیے میں بُرا اور شیطان کا پیروکار ہوں۔ یہ تصور ذرائع ابلاغ میں سرایت کرچکا ہے، اور ان کے ذریعے یقینی طور پر بہت سے لوگ بھی گنجوں کو بُرا سمجھنے لگے ہوں گے۔ ''

ڈارک اینٹکس نے اپنی ویڈیو میں گنجوں کی نمائندگی کرتے ہوئے ہالی وڈ کے فلم سازوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ امتیازی رویہ ترک کردیں، ورنہ وہ اور ملک بھر کے تمام گنجے مل کر ان کے خلاف احتجاج کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔