ووٹ کے ذریعے تبدیلی سے خوشحالی کی راہیں کھلتی ہیں چیف جسٹس

شفاف انتخابات آئینی ذمے داری ہے، قومی دن پر اظہار خیال،ووٹ کی تصدیق کا عملی مظاہرہ


Numainda Express/APP October 18, 2012
اسلام آباد:چیف جسٹس افتخار چوہدری موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے ووٹ کی تصدیق کررہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ ووٹروں کی طرف سے انتخابات کے موقع پر زیادہ سے زیادہ حق رائے دہی کا استعمال حکومتی اداروں پر عوام کی بہتری کیلیے کام کرنے کے مثبت دبائو کا ذریعہ ہے۔

انتخابات کی ساکھ کیلیے ووٹروں کی انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت ضروری ہے، آئین کے مطابق ووٹ کے ذریعے حکومت کی تبدیلی سے جمہوری عمل کو استحکام اور ترقی، خوشحالی اور امن کی راہیں کھلتی ہیں۔ وہ بدھ کو یہاں قومی ووٹرز ڈے کے موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے ووٹ کی تصدیق کے عملی مظاہرہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔

اس موقع پر قائم مقام سیکریٹری الیکشن کمیشن جسٹس تصدق حسین جیلانی اور کمیشن کے ممبران بھی موجود تھے۔ چیف جسٹس نے اس موقع پر 8300 پر ایس ایم ایس کر کے اپنے ووٹ کی تصدیق کی۔ انھوں نے ووٹ کی رجسٹریشن اور تصدیق کے اس عمل کو سراہا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ قومی ووٹر ڈے منانے سے انتخابی عمل میں ووٹ کی اہمیت اجاگر ہو گی۔ ووٹ کی اہمیت سے کوئی انکار نہیں کر سکتا۔ کسی بھی انتخابی عمل کی کنجی ووٹ ہے، انتخابی عمل میں ووٹروں کی مؤثر شرکت سے حکومتی اداروں پر یہ مثبت دبائو ڈالا جا سکتا ہے کہ وہ عوام کی بہتری کیلیے اقدامات اٹھائیں۔

انھوں نے کہا کہ انتخابی عمل میں شرکت یقینی بنانے کیلیے ضروری ہے کہ تمام اہل ووٹروں کا انتخابی فہرستوں میں اندراج ہو۔ آزادانہ اور شفاف انتخابات آئینی ذمے داری ہے اور یہی قوم کی منزل ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ رائے دہی کے آئینی حق کے استعمال کیلیے ووٹروں کو اپنے ووٹ کے اندراج کے مقام اور ان کو پولنگ اسٹیشن تک پہنچانا اہم ہے۔ انھوں نے کہا کہ قوم کی بہتری کیلیے آئینی طریقے سے تبدیلی کیلیے قومی ووٹر ڈے ایک اہم اقدام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں