حج کرپشن کیس میں2 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد

ملزمان نے عمارتیںکرایے پرلینے میںرشوت لی،دوگواہان کابیان،آج مزید 6گواہ طلب

رائوشکیل کوڈی جی حج مقرر کرنیوالے اسماعیل قریشی بیگناہ قرار،ملزم پرفردجرم عائد . فوٹو اےایف پی

اسپیشل جج سینٹرل افتخار احمد خان نے سابق وفاقی وزیر علامہ حامد سعیدکاظمی اوردیگر ملزمان کے خلاف حج کرپشن کیس میں 2 اہم گواہان کے بیانات ریکارڈکرلیے ہیں اور2 شریک ملزمان سابق ڈائریکٹر جنرل حج مکہ راؤ شکیل احمد اور سابق جوائنٹ سیکریٹری وزارت مذہبی امور راجہ آفتاب الاسلام کی ضمانت کی درخواستیں بھی مستردکردی ہیں۔


عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ مقدمے میںکرپشن کے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں ملزمان کو میرٹ یا اسٹیچوٹری گراؤنڈ پرضمانت نہیں دی جاسکتی ۔عدالت نے آج جمعرات کو مزید6گواہان کو بھی سمن جاری کرکے طلب کر لیا ہے۔سینئر پراسیکیوٹر ایف آئی اے چوہدری ذوالفقار علی کا موقف تھا کہ ملزمان نے مکہ میں عمارتیں کرائے پر لینے پر36 لاکھ سعودی ریال اور مدینہ میں عمارتوں کے کرائے میں15لاکھ ریال رشوت لی، میرٹ سے ہٹ کریہ عمارتیںکرائے پر لینے اور11کثیر المنزلہ عمارتیں خالی رہ جانے سے قومی خزانے کو24کروڑکا نقصان پہنچا۔

قائم مقام ڈائریکٹر جنرل حج سلطان شاہ نے بیان میں بتایا کہ حج شروع ہونے سے ڈیڑھ ماہ قبل میں نے جو39 عمارتیں کرائے پر حاصل کیں وہ نہ صرف آدھی قیمت پر تھیں بلکہ یہ حرم سے نزدیک بھی تھیں اس سے قومی خزانہ کو8کروڑکا فائدہ پہنچا،ڈپٹی سیکریٹری وزارت حج سید خورشید شاہ نے حج اسکینڈل کا سعودی عرب سے منگوایا گیا اصل ریکارڈ بھی عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جسے عدالتی ریکارڈکا حصہ بنا لیاگیا ۔عدالت نے راؤ شکیل پرڈی جی حج مکہ کی سیٹ حاصل کرنے کیلیے جعلسازی سے اپنی عمرکم کرنے اور بھرتی کمیٹی کودھوکا دینے کے درج مقدمے میں باقاعدہ فرد جرم عائدکردی ہے ملزم نے الزام کی صحت سے انکارکیا ہے۔ عدالت نے تفتیشی افسرکو نوٹس جاری کرکے آج گواہان کی شہادتیں طلب کرلی ہیں،رائوشکیل کو ڈائریکٹرجنرل حج تعینات کرنے والے سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ اسماعیل قریشی کو بیگناہ قراردیا گیا ہے۔
Load Next Story