گاڑیوں کی فروخت جولائی میں سال بہ سال 129 فیصد بڑھ گئی

گزشتہ ماہ 15ہزار909یونٹس، جولائی 2014کے دوران 6948گاڑیاں بکی تھیں


Business Reporter August 13, 2015
ملک میں بارشوں اورسیلاب کے باعث ٹریکٹرز کی فروخت41فیصد تک کم ہو گئی۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

پاکستان کی آٹو انڈسٹری کے لیے نئے مالی سال کا آغاز فروخت میں نمایاں اضافے سے ہوا ہے۔

مالی سال 2015-16کے پہلے ماہ جولائی 2015 میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی گاڑیوں کی فروخت جولائی 2014کے مقابلے میں 129فیصد اضافے سے 15ہزار 909یونٹس رہی، پاک سوزوکی کی فروخت 119فیصد اضافے سے 9464یونٹس، انڈس موٹرز کی فروخت 285فیصد اضافے سے 4259یونٹس جبکہ ہونڈا کارز کی فروخت 45 فیصد اضافے سے 2181یونٹس رہی، جولائی 2014کے دوران مجموعی طور پر 6948 یونٹس فروخت کیے گئے تھے جس میں پاک سوزکی 4317یونٹس، انڈس موٹرز کے 1106یونٹس اور ہونڈا کارز کے 1505یونٹس شامل تھے۔ معاشی سرگرمیوں میں اضافہ، شرح سود کم ہونے کی وجہ سے کار فنانسنگ کا رجحان بڑھنے اور پنجاب حکومت کی ٹیکسی اسکیم کی وجہ سے کاروں کی طلب میں اضافہ گاڑیوں کی مجموعی فروخت بڑھانے کے اہم اسباب ہیں۔

گزشتہ سال جولائی میں ایڈوانس موٹر وہیکل ٹیکس اور گاڑیوں کی ٹرانسفر پر ایڈوانس انکم ٹیکس کے نفاذ کی وجہ سے فروخت کو دباؤ کا سامنا تھا جبکہ کرولا کار کے نئے ماڈل کی آمد کے منتظر خریداروں کی جانب سے خریداری موخر کیے جانے سے بھی جولائی 2014کے دوران کاروں کی فروخت کم رہی تھی۔ جولائی 2015کا جون 2015سے موازنہ کیا جائے تو ایک ماہ کے دوران مقامی کاروں کی فروخت 11فیصد کم رہی، جون میں مجموعی طور پر 17ہزار 802 کاریں فروخت کی گئی تھیں۔ جون کی فروخت کے لحاظ سے جولائی کے مہینے میں پاک سوزوکی کی فروخت 3فیصد، انڈس موٹرز کی فروخت 22 فیصد جبکہ ہونڈا کارز کی فروخت 12فیصد کم رہی، کاروں کے برعکس ٹریکٹرز کی فروخت جولائی 2014کے مقابلے میں 41فیصد تک کم رہی۔ ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ٹریکٹرز کی فروخت دباؤ کا شکار رہی تاہم حکومت کی جانب سے ٹریکٹرز پر جی ایس ٹی کی 10 فیصد شرح برقرار رکھے جانے سے آنے والے مہینوں میں ٹریکٹرز کی فروخت میں اضافے کی توقع ہے۔

جولائی کے مہینے میں ٹریکٹرز کی فروخت 1634یونٹس رہی جبکہ جولائی 2014 کے دوران 2767 ٹریکٹرز فروخت کیے گئے تھے، جون 2015 کے مقابلے میں جولائی کی فروخت 59فیصد تک کم رہی، جون کے مہینے میں 4016 ٹریکٹرز فروخت کیے گئے تھے، جولائی 2015 میں ملت ٹریکٹرز کی فروخت 56فیصد کمی سے 743یونٹس، اے جی ٹی ایل کی فروخت 22 فیصد کمی سے 820یونٹس جبکہ اورینٹ ٹریکٹرز کی فروخت 8یونٹس کے مقابلے میں 71یونٹس رہی، جون 2015 میں ملت کی فروخت 2556 یونٹس، اے جی ٹی ایل کی فروخت 1375یونٹس جبکہ اورینٹ کی فروخت 85یونٹس رہی تھی، جون میں مجموعی طور پر 4016 ٹریکٹرز فروخت کیے گئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں