ایم کیو ایم رہنما عامر خان ملک سے باہر گئے تو واپس نہیں آئیں گے سندھ رینجرز

فرد جرم عائد ہونے سے قبل ہی عدالت نے عامر خان کو ضمانت پر رہائی دے دی تھی، رینجرز لاء آفیسر

عدالت نے عامر خان کے وکیل کو تمام حج دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ فوٹو: فائل

سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے کیس میں ضمانت پر رہا ایم کیو ایم رہنما عامر خان اگر ملک سے باہر گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔

ایم کیو ایم رہنما عامر خان کے حج پر جانے کے کیس کی سماعت کے موقع پر سندھ رینجرز کی جانب سے لاء آفیسر نے ایم کیو رہنما کی جانب سے حج پر جانے کی درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اگر عامر خان ملک سے باہر گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔ رینجرز کے لاء آفیسر کا مزید کہنا تھا کہ فرد جرم عائد ہونے سے قبل ہی عدالت نے عامر خان کو ضمانت پر رہائی دے دی تھی۔


عدالت نے دلائل سننے کے بعد عامر خان کے وکیل کو تمام حج دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ رینجرز نے ایم کیو ایم رہنما عامر خان کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں رواں برس 11 مارچ کو نائن زیرو سے گرفتار کیا تھا اور وہ اس وقت ضمانت پر رہا ہیں۔
Load Next Story