سبز ہلالی پرچم لہراتا رہے

آج سے69 سال قبل جب پاکستان کےقیام کااعلان کیا گیا توبھارت میں آبادمسلمانوں پرافتاد ٹوٹ پڑی اوران پرحملے شروع ہوگئے


Editorial August 15, 2015
ہماری دعا ہے کہ خدائے ذوالجلال کی رحمت کا سایہ اس وطن پر تاقیامت رہے،سبز ہلالی پرچم یونہی لہراتا اور آزادی کے چراغ یونہی روشن رہیں۔

لاہور: ملک بھر میں گزشتہ روز 69واں یوم آزادی پورے ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21,21 توپوں کی سلامی سے ہوا اور فضا فوجی جوانوں کے اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی۔ مساجد میں ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی، مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین نے پرچم کشائی کی ، وزیراعظم، چیئرمین جوائنٹ چیفس، مسلح افواج کے سربراہان، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزراء اور غیر ملکی سفیر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر صدر مملکت ممنون حسین نے آزاد وطن کے قیام کے لیے تحریک پاکستان کے قائدین کی انتھک محنت کا تذکرہ کرتے ہوئے انھیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا اور آزادی کے حصول کے لیے قربانی دینے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔سب سے خوش کن امر شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں یوم آزادی کی تقریب کا منعقد ہونا تھا۔

آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں امن قائم ہونے کے بعد شمالی وزیرستان کی فضائیں بھی ملی نغموں سے گونج اٹھیں۔ آپریشن ضرب عضب کے کمانڈر میجر جنرل نعمان کی سربراہی میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب ہوئی جس میں قبائلی عمائدین' نمایندگان اور پولیٹیکل انتظامیہ سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ بینڈکی دھنوں نے ماحول گرمایا تو ملی نغموں کی دلکش دھنوں پر فوجی جوان اور قبائلی جھومے بغیر نہ رہ سکے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی کشمیریوں نے پاکستان سے اظہار محبت کرتے ہوئے جابجا پاکستانی جھنڈے لہرائے اور بھارت سمیت پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ ان کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ بھارت کی غلامی میں رہنے کے لیے قطعی تیار نہیں۔ حریت رہنما آسیہ اندرابی نے سری نگر میں ایک تقریب کے دوران پاکستانی جھنڈا لہرایا اور پاکستانی ملی نغمے گائے۔ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہر سال مقبوضہ کشمیر میں کشمیری پاکستانی جھنڈے لہرا کر پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی جب کہ بھارت کے یوم جمہوریہ پر احتجاج کر کے اس سے اپنی نفرت اور لاتعلقی کا اظہار کرتے ہیں۔

آج سے 69 سال قبل جب پاکستان کے قیام کا اعلان کیا گیا تو بھارت میں آباد مسلمانوں پر افتاد ٹوٹ پڑی اور ان پر حملے شروع ہو گئے۔ اپنی جانیں بچانے کے لیے مسلمانوں کی بڑی تعداد پاکستان کی طرف چل پڑی' ہجرت کے اس سفر میں لاکھوں مسلمان شہید ہو گئے' لٹے پٹے مہاجروں کے قافلے پاکستان پہنچے تو یہاں کے لوگوں نے ان کے دکھوں کا مداوا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ بھارت اور انگریزوں کی ملی بھگت سے اس ملک کے خلاف سازشوں کے جال بنے جانے لگے اور یہ کہا جانے لگا کہ یہ ملک چند دن ہی اپنے وجود کو برقرار رکھ سکے گا اور پھر سے بھارت کا حصہ بننے پر مجبور ہو جائے گا لیکن پاکستان کی غیور اور بہادر قوم نے یہ ثابت کر دیا کہ لاکھوں قربانیاں دینے کے بعد حاصل کیا جانے والا یہ ملک ہمیشہ ہمیشہ قائم رہنے کے لیے بنا ہے۔ پاکستان کو کمزور جانتے ہوئے بھارت نے 1965ء میں اس پر حملہ کر دیا' اس جارحیت کے خلاف پوری پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی اور دشمن پر ثابت کر دیا کہ وہ اپنی آزادی کی حفاظت کرنا خوب جانتے ہیں۔

69 برسوں کا یہ عرصہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی میں کوئی بڑی مدت نہیں لیکن پاکستانی قوم نے اس عرصے میں ترقی کی بہت سی منازل بڑی تیزی سے طے کی ہیں۔ پاکستان نے زراعت کے شعبے میں بہت ترقی کی ہے' یہاں کے چاول اور آم اپنی کوالٹی کے باعث پوری دنیا میں پسند کیے جاتے ہیں' دنیا کا بہترین آبپاشی کا نظام یہاں موجود ہے۔ صنعت کے شعبے میں بھی پاکستان کسی سے پیچھے نہیں رہا' ٹیکسٹائل کے شعبے میں ترقی کے باعث فیصل آباد کو پاکستان کا مانچسٹر کہا جاتا ہے۔ پاکستانی ڈاکٹرز اور انجینئرز نے بھی اپنی مہارت کے باعث پوری دنیا میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ اپنی بہترین کارکردگی اور تربیت کے باعث پاک فوج کا شمار دنیا کی بہترین افواج میں ہوتا ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت مختلف ممالک میں پاک فوج کے جوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔

آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج نے جس طرح دہشت گردوں کی کمر توڑ کر ملک میں امن و امان کی فضا قائم کی پوری دنیا ان کی اس کارکردگی پر رطب اللسان ہے۔ آج پاکستان اسلامی دنیا کی پہلی اور دنیا کی ساتویں بڑی ایٹمی قوت ہے' جدید دفاعی ہتھیاروں اور میزائلوں کی تیاری میں بھی وہ کسی سے پیچھے نہیں۔ پاک فوج کی جرات اور بلند عزم کے باعث ملک کی سرحدیں محفوظ ہیں۔ دوسری جانب ملک میں جمہوریت کا سفر شروع ہو چکا ہے اگرچہ وقتاً فوقتاً سیاسی بحران جنم لیتے اور ہلچل پیدا کرتے رہتے ہیں مگر اس سب کے باوجود پاکستان ترقی اور خوشحالی کی جانب رواں دواں ہے' ملک میں پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر تیزی سے جاری ہے جس سے یہاں معاشی خوشحالی کے نئے در وا ہوں گے۔ ہماری دعا ہے کہ خدائے ذوالجلال کی رحمت کا سایہ اس وطن پر تاقیامت رہے،سبز ہلالی پرچم یونہی لہراتا اور آزادی کے چراغ یونہی روشن رہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں