بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال اور یوم سیاہ

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، سید علی گیلانی


ویب ڈیسک August 15, 2015
کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کے لئے سری نگر سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس تعینات ہے۔ فوٹو: فائل

بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال جب کہ کشمیری عوام بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر بھارتی یوم آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جا رہی ہے جب کہ بھارتی مظالم کے خلاف دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کے دونوں اطراف بھارتی مظالم کے خلاف ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کے لئے سری نگر سمیت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس تعینات جب کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو نافذ ہے۔

نظر بندی کے باوجود آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کا سری نگر میں احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مقبوضہ وادی میں کرفیو کا نفاذ کرکے آزادی پسندوں کو قید و نظر بند کر دیا گیا ہے، جموں وکشمیر پر قابض بھارت کے پاس یوم آزادی منانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے۔

سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ بھارت اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو تسلیم کرنے کے باوجود ان پر عملدرآمد نہیں کر رہا، مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے، اپنا حق مانگنے والوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے لیکن ہماری قوم نے آزادی کیلئے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر خاتون حریت رہنما آسیہ اندرابی کی سربراہی میں خواتین نے نہ صرف پاکستانی پرچم لہرائے بلکہ نظریہ پاکستان کو ہی بقائے پاکستان قرار دیا جب کہ بھارتی فوج کی جانب سے کرفیو کے باوجود سری نگر میں پاکستانی پرچم لہرایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں