وزیراعظم نے عمرہ ادا کیا آج خادم الحرمین الشریفین سے ملاقات کرینگے

سعودی عرب کیساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، روانگی سے قبل گفتگو، جدہ پہنچنے پرپرتپاک استقبال


ایکسپریس July 16, 2012
جدہ :وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے سعودی عرب پہنچنے پر سعودی حکام استقبال کررہے ہیں (فوٹو ایکسپریس)

KARACHI: وزیراعظم راجا پرویز اشرف دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جدہ کے بین الاقوامی ایئرپورٹ پر اعلیٰ سعودی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، وزیراعظم نے رات کو وفد کے ہمراہ عمرہ ادا کیا اور ملکی ترقی و خوشحالی اور عالم اسلام کیلیے دعائیں کیں۔

قبل ازیں سعودی عرب روانگی سے قبل چکلالہ ایئر بیس پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، سعودی عرب پاکستان کی حکومت اور عوام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انھوں نے کہا سعودی فرمانروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز سے ملاقات کے دوران دوطرفہ دلچسپی کے امور پر بات چیت ہو گی، یہ ملاقات آج جدہ میں ہو گی، وزیراعظم سعودی ولی عہد شہزادہ نائف بن عبدالعزیز کے انتقال پر سعودی فرمانروا سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی بھی کریں گے، وزیراعظم اپنے دورہ کے دوران روضہ رسول پر حاضری دینگے اور مسجد نبوی میں نوافل بھی ادا کریں گے۔

وہ پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کریں گے، وزیراعظم نے کہا وہ اپنے دورہ کے دوران وہ سعودی سرمایہ کاروں پر زور دیں گے کہ وہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو یقینی بنائیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور خورشید شاہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ سعودی عرب گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں