ملکی تاریخ میں پہلی بارکل ہری پور میں بائیومیٹرک سسٹم کے تحت ووٹنگ ہوگی

ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے راجہ عامراورمسلم لیگ (ن) کے بابرنواز کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔

ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے راجہ عامراورمسلم لیگ (ن) کے بابرنواز کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔ فوٹو:فائل

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 19 میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کل ہوگی تاہم ہری پور ضمنی انتخاب کو خاص اہمیت اس لئے دی جارہی ہے کہ وہاں ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹ ڈالے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ہری پوری میں ہونے والا ضمنی انتخاب فوج اور رینجرز کی نگرانی میں ہوگا جب کہ 30 پولنگ اسٹیشنز پر بائیو میٹرک سسٹم کے تحت ووٹنگ ہوگی۔ حلقے میں 5 لاکھ 77 ہزار480 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کے لئے 513 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں 42 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین، 209 کو حساس اور 262 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔ ضمنی انتخاب کے لئے 9 امیدوار میدان میں ہیں تاہم تحریک انصاف کے راجہ عامر، مسلم لیگ (ن) کے بابر نواز اور پیپلزپارٹی کے محمد طاہر کے درمیان کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے جب کہ 4 امیدوارآزاد حیثیت سے میدان میں ہیں۔


الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخاب کو شفاف بنانے کے لئے پریذائیڈنگ افسروں کو 3 روز کے لئے درجہ اول کے اختیارات دیئے گئے ہیں جب کہ پولنگ اسٹیشنز میں پریذائیڈنگ افسرز کے علاوہ موبائل استعمال کرنے پر پابندی ہوگی اور حلقے میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پاک فوج کے 2 ہزار150 جوان سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے جب کہ حساس پولنگ اسٹیشن پر فوج کے ساتھ رینجز اہلکاروں کو بھی تعینات کیا جائے گا۔

https://www.dailymotion.com/video/x31sp82_haripur-election_news
Load Next Story