ایم کیوایم کی سندھ میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست

حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے دھاندلی کی تیاری کرلی ہے، فاروق ستار


ویب ڈیسک August 15, 2015
سیاسی فائدے کے لیے بلدیاتی حلقہ بندیوں میں جانبداری سے کام لیا گیا ہے، ایم کیو ایم فاروق ستار فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ نے سندھ میں نئی بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائرکردی ۔

ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ صوبے بھر بالخصوص کراچی میں کی گئی نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں غیرقانونی ہیں، ان حلقہ بندیوں کے تحت کئی شہری علاقوں کو دیہی اور دیہی کو شہری علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔

درخواست دائر کئے جانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پاکستان میں تمام حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن کو کرناچاہئے لیکن حکومت سندھ نے بلدیاتی انتخابات سے پہلے دھاندلی کی تیاری کرلی ہے، حلقہ بندیاں قانون اور قواعد کے مطابق ہونی چاہئیں لیکن صوبے کے کئی اضلاع میں حلقہ بندیوں میں ردوبدل کرکے الیکشن کمیشن کے قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، کراچی میں ضلع ملیر کا کچھ حصہ کورنگی اور کورنگی کا کچھ حصہ ملیر میں شامل کردیا گیا ہے، اسی طرح ضلع میر پور خاص کے نوکوٹ ٹاؤن کا بعض حصہ دیہی علاقے میں شامل کرلیا گیا ہے۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ سیاسی فائدے کے لیے بلدیاتی حلقہ بندیوں میں جانبداری سے کام لیا گیا ہے جو کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے اور اس کا مقصد کسی خا ص کو فائدہ پہنچانا ہے، اس سلسلے میں ایم کیو ایم الیکشن کمیشن کے پاس گئی لیکن ہمیں رلیف نہیں دیا گیا جس پر ہم ہائی کورٹ سے رجوع پر مجبور ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں